0
Sunday 30 Oct 2011 20:53

شہباز شریف خفیہ اداروں سے عمران خان کے جلسہ کے شرکاء کی تعداد معلوم کرتے رہے

شہباز شریف خفیہ اداروں سے عمران خان کے جلسہ کے شرکاء کی تعداد معلوم کرتے رہے
لاہور:اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی مخالفت کے باعث حکام بالا کی ہدایت پر سرکاری ٹی وی نے تحریک انصاف کے جلسہ کی غیر متوقع طور پر براہ راست کوریج کی۔ سرکاری ٹی وی نے جہاں ایک طرف صدر آصف زرداری کے حق میں کراچی میں ایم کیو ایم کی ریلی کو نمایاں کوریج دی وہیں حکام بالا کی ہدایت پر لاہور میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے جلسہ کو بھرپور کوریج دی جبکہ تحریک انصاف کی حکومت مخالف پاکستان بچاؤ جلسہ کو (ن) لیگ کے خلاف ریلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور اور کراچی کے عوام نے (ن) لیگ پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا۔ واضح رہے کہ 28 اکتوبر کو سرکاری ٹی وی نے مسلم لیگ (ن) کی ریلی کو مکمل طور پر نظرانداز کیا تھا حتٰی کہ اس اہم ایونٹ کی خبر تک نہیں چلائی گئی تھی۔
 ادھر مینار پاکستان پر تحریک انصاف کے’’پاکستان بچاؤ‘‘ جلسہ میں ملک کے معروف گلوکاروں شہزاد رائے، شادمان اور اسٹرنگز بینڈ کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی تھی جنہوں نے سٹیج پر آ کر شاندار پرفارم کیا جس پر شرکاء جھوم اٹھے۔ واضح رہے کہ شہباز شریف نے 28 اکتوبر کو جلسے میں حبیب جالب کی مشہور نظم ’’میں نہیں مانتا‘‘ ترنم کے ساتھ گا کر سنائی تھی جس پر شرکاء نے دل کھول کر انہیں داد دی جبکہ کراچی میں صدر آصف زرداری کے حق میں ایم کیو ایم کی ریلی سے خطاب میں الطاف حسین نے ترنم کے ساتھ حبیب جالب کی نظم کی پیروڈی کی۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ عمران خان نے ابرارالحق کے مقابلے میں سنگرز کو شامل کیا تھا۔ تحریک انصاف کے جلسہ میں’’مستقبل کے وزیراعظم‘‘ عمران خان کے خطاب سے قبل قومی ترانہ بجایا گیا۔ عمران خان جب خطاب کیلئے ڈائس پر آئے تو اس موقع پر قومی ترانہ بجایا گیا جس کے احترام میں سٹیج پر موجود تمام رہنماء کھڑے ہو گئے۔ تحریک انصاف کے جلسہ میں شریک افراد کی تعداد کے بارے میں متضاد دعوے کئے جاتے رہے،  تحریک انصاف کے رہنماؤں نے دعویٰ کیا کہ جلسہ کے شرکاء کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد تھی۔
 مینار پاکستان پر منعقد ہونے والے پاکستان بچاؤ جلسہ میں شریک عوام کی تعداد کو آزاد ذرائع نے 40 سے 50 ہزار جبکہ (ن) لیگ کے ذرائع کے مطابق جلسہ گاہ میں لگائی جانے والی کرسیوں کی تعداد 12 سے 15 ہزار تھی اور شرکاء کی مجموعی تعداد 20 ہزار سے زیادہ نہیں تھی اور ان میں سے بھی بیشتر کا تعلق خیبر پختونخوا سے تھا، جلسہ میں لاہور کے علاوہ قریبی شہروں شیخوپورہ گوجرانوالہ  قصور اور اوکاڑہ سمیت کئی دیگر شہروں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔
تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اعجاز چوہدری، پنجاب کے صدر احسن رشید نے کہا کہ پرویز رشید نے چیلنج کیا ہے کہ اگر تحریک انصاف کے جلسہ میں 50 ہزار کرسیاں اور شرکاء کی تعداد ثابت کر دو تو سینیٹ سے استعفیٰ دے دوں گا، پرویز رشید آ کر دیکھ لیں کہ شرکاء کی تعداد لاکھوں میں ہے اس لیے فوری مستعفی ہو جائے، اگر وہ پنڈال میں ہیں تو انکو دعوت دیتے ہیں کہ وہ سٹیج پر آئے اور اپنا وعدہ پورا کریں۔
 وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے ذمہ داروں سے تحریک انصاف کے جلسہ کے شرکاء کی تعداد و دیگر معلومات حاصل کرتے رہے۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے تحریک انصاف کے جلسہ کیلئے مکمل سکیورٹی فراہم کی تھی۔
تحریک انصاف کے جلسہ میں لوگوں کی بڑی تعداد دیکھ کر عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آ گئے۔ عمران خان، لاہور ڈویژن کے صدر میاں محمود الرشید، مرکزی وائس چیئرمین حامد خان اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ سٹیج پر آئے تو شرکاء کی بہت بڑی تعداد دیکھ کر عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آ گئے اور پنڈال میں خواتین کی آنکھوں میں بھی خوشی کے آنسو نظر آئے۔ 
تحریک انصاف کے جلسہ میں گلوکار شہزاد رائے کے نغمے پر تحریک انصاف کے کارکن جھومتے رہے۔ مینار پاکستان کے جلسہ میں شہزاد رائے ’’تو سوچتا ہے مگر بولتا کیوں نہیں‘‘ کے نغمہ پر جلسہ کے شرکاء جھومتے اور عمران خان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے جبکہ شہزاد رائے لوگوں سے عمران خان کا ساتھ دینے کی بھی دراخواست کرتے رہے، شہزاد رائے نے اپنا نغمہ ’’لگے رہو‘‘ بھی گایا۔ 
خبر کا کوڈ : 110563
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش