0
Monday 31 Oct 2011 00:12

سیاستدان اثاثوں کا اعلان کریں ورنہ سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دی جائیگی، عمران خان

سیاستدان اثاثوں کا اعلان کریں ورنہ سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دی جائیگی، عمران خان
لاہور:اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سیاستدانوں کے پاس بہت تھوڑا وقت ہے، وہ اپنے اثاثوں کا عوام کے سامنے اعلان کریں، ورنہ سارا ملک بند کر کے سول نافرمانی کی تحریک شروع کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسے نے صدر آصف علی زرداری اور نواز شریف کو واضح پیغام دیا ہے کہ انکی پارٹنر شپ اب ٹوٹنے والی ہے اور تحریک انصاف کی سونامی کے سامنے ٹہرنا کسی کے بس میں نہیں رہا۔
تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں سے بہت ظلم کیا گیا، بلوچوں کو بھائی بنا کر ٹارگٹ کلنگ ختم کریں گے، پاکستان تحریک انصاف بلوچستان میں انصاف کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے ڈالرز کیلئے امریکی جنگ اپنائی اور وہ امریکی جنگ لڑنے والوں پر لعنت بھیجتے ہیں، جبکہ ڈالرز لینے والوں کا احتساب کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کم نہیں ہو رہی، قبائلیوں کو انتہا پسندی کی جانب بھیجا جا رہا ہے، امریکا کیلئے کوئی ملٹری آپریشن نہیں کریں گے، عمران خان مر جائیگا بھیک نہیں مانگے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کشمیری بھائیوں کی تحریک آزادی میں ان کا ساتھ دے گی، بھارت کو کشمیر آزاد کرنا پڑے گا۔ عمران خان نے کہا کہ انہوں نے پاکستان میں تبدیلی کے لئے 15 سال محنت کی، البتہ انہوں نے شکوہ کیا کہ لاہوریوں کو جگانے میں بہت دیر لگتی ہے، لاہوریوں سے گلہ ہے کہ وہ بہت سست ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ وہ ایک نئے پاکستان کا آغاز کر رہے ہیں۔ پییلزپارٹی اور نوازلیگ کے کارکنوں کو جلسے میں خوش آمدید کہتے ہوئے تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ زرداری اور نواز شریف اب اس عوامی سیلاب کو نہیں روک سکتے، پاکستان کے نوجوانوں کو پارٹنر شپ توڑنا آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے بھٹو کا نام استعمال کر کے عوام پر ظلم کیا ہے، کیونکہ ذوالفقار علی بھٹو نے روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ دیا، آصف زرداری نے کمال کیا 16 ہزار خودکشیاں ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھٹو آزاد جمہوری پالیسیوں کے حامی تھے جبکہ صدر زرداری نے امریکا کو خط لکھا کہ فوج سے بچایا جائے۔
عمران خان نے بھاٹی چوک میں مسلم لیگ ن کی ہونے والی ریلی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب نے پٹواریوں کا جلسہ کیا، میاں صاحب آپ مچھروں کا مقابلہ نہیں کر سکتے، زرداری کا کیسے کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امیر ملک ہے، ہم معدنیات کے ذخیروں پر بیٹھے ہیں، پاکستان کے پاس 180 ارب ٹن کا کوئلہ موجود ہے، جس سے ہم دنیا کو بجلی بیچ سکتے ہیں، جبکہ پاکستان پانی سے 7 ہزار میگا واٹ بجلی بنا سکتا ہے، لیکن کرپشن کی وجہ سے ہم امریکا کی غلامی کر رہے ہیں، ٹیکس چوری سے 3 ہزار ارب روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برسر اقتدار آ کر ایسا قانون بنائیں گے کہ اثاثے ظاہر نہ کرنے والا سیاست میں نہیں آئیگا، کرپشن ختم کرنیوالا ہی ملک کو پاوں پر کھڑا کرے گا۔
عمران خان نے مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے پنجابی میں کہا میاں صاحب جان دیو ساڈی واری آن دیو۔ انہوں نے کہا کہ کچہریوں میں انصاف ملتا نہیں، بکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پٹواریوں سے نجات دلا دیں گے، پٹواری عوام سے مال لے کر اوپر تک پہنچاتا ہے، پاکستان کی اسمبلیاں قبضہ گروپوں سے بھری ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے پولیس کو غیر سیاسی بنانا ہو گا، کراچی میں پولیس غیر سیاسی ہو تو امن ہو جائےگا، ہم پٹواری کو غائب اور تھانے کو تبدیل کر دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ شریف برادران کو امپائرز ساتھ ملا کر میچ کھیلنے کی عادت ہے، لیکن اب کھیل ان کے بس میں نہیں رہا۔
خبر کا کوڈ : 110602
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش