0
Tuesday 1 Nov 2011 12:38

مسئلہ افغانستان کا حل، سہ فریقی سربراہی کانفرنس آج ہو گی

مسئلہ افغانستان کا حل، سہ فریقی سربراہی کانفرنس آج ہو گی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان،افغانستان اور ترکی کے صدور کی چھٹی کانفرنس آج استنبول میں شروع ہو رہی ہے۔ تینوں ممالک کی مسلح افواج کے سربراہان بھی ملیں گے۔ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور افغانستان کے صدر حامد کرزئی کانفرنس میں شرکت کے لئے ترکی میں موجود ہیں۔ کانفرنس میں افغانستان اور خطے میں امن سمیت اہم امور پر غور کیا جائے گا۔ ترکی کے صدر عبداللہ گل کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ پاکستان کی وزیر خارجہ حناربانی کھر، وزیر دفاع چوہدری احمد مختار اور وزیر داخلہ رحمان ملک بھی صدر زرداری کے ہمراہ ہیں۔ تینوں ممالک کی مسلح افواج کے سربراہان کا علیحدہ سیشن ہو گا۔ بری فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی بھی گذشتہ روز ترکی پہنچ گئے وہ ترک فوج کے سربراہ نیدت اوزال اور افغان ہم منصب سے بھی ملاقات کریں گے۔ 
یاد رہے کہ سہ فریقی سربراہی اجلاس کی داغ بیل ترکی نے ڈالی تھی۔ پہلا اجلاس دسمبر دو ہزار آٹھ میں ہوا تھا۔ اس کے بعد اپریل دو ہزار نو، جنوری دو ہزار دس، اور دسمبر دو ہزار دس میں سربراہی اجلاس ہو چکے ہیں۔ سہ ملکی سربراہی اجلاسوں میں تینوں ممالک کے درمیان تعاون، امن، سلامتی، استحکام اور اقتصادی ترقی کے اقدامات پر غور کیا جاتا ہے۔ گذشتہ سربراہی اجلاس میں تینون ممالک کا جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی سفارش کی گئی تھی۔ 
دیگر ذرائع کے مطابق کانفرنس میں مسئلہ افغانستان کے پرامن حل اور خطے میں سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ترک صدر عبداللہ گل سہہ فریقی کانفرنس کی میزبانی کر رہے ہیں۔ جبکہ پاکستان کی جانب سے صدر مملکت آصف علی زرداری اور افغانستان کی جانب سے صدر حامد کرزئی شرکت کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیر دفاع چوہدری احمد مختار سمیت دیگر اعلٰی حکام کا وفد بھی صدرزرداری کے ہمراہ دورے پر ہے۔
خبر کا کوڈ : 110917
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش