0
Saturday 5 Sep 2009 11:34

امریکہ سعودی عرب کے تیل کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا،شہزادہ ترکی

امریکہ سعودی عرب کے تیل کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا،شہزادہ ترکی
جدہ:امریکہ کے لئے سابق سعودی سفیر شہزادہ ترکی الفیصل نے کہا ہے کہ امریکہ کسی صورت بھی سعودی عرب کے تیل کے بغیر اپنی بقاء برقرار نہیں رکھ سکتا،امریکہ کو یہ تسلیم کرنا ہو گا کہ اس کے پاس اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سعودی تیل کے سوا کوئی دوسرا متبادل نہیں۔ شہزادہ ترکی الفیصل نے امریکی صدر بارک اوباما کے اس خیال کہ متبادل توانائی کے ذرائع اختیار کر کے مستقبل میں امریکہ مشرق وسطیٰ کے تیل پر اپنا انحصار ختم کر دے گا،پر اپنا سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اپنے ایک مضمون میں امریکہ کو شیشہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ ہمارے تیل کے بغیر زندہ نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاس اپنی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کوئی متبادل نہیں اور اسے مشرق وسطیٰ کے تیل پر اپنے انحصار کو تسلیم کرنا ہو گا۔ سعودی عرب کے انٹیلی جنس ادارے کے سابق سربراہ نے کہا کہ امریکہ کا توانائی کے وسائل میں خود انحصاری اپنانے کا خیال غیر حقیقی،بے بنیاد اور نقصان دہ ہے، جو کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صنعت،ٹرانسپورٹ اور اس کی مسلح افواج کی تیل کی ضرورت کو پورا کرنے کے لئے کوئی دوسری تسلی بخش ٹیکنالوجی افق پر موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل کو دیکھا جائے تو قابل تجدید اور ناقابل تجدید توانائی کے ذرائع باہم مل کر ہی چلائے جائیں گے،امریکہ چاہے یا نہ چاہے۔ انہوں نے زور دیا کہ امریکہ توانائی کے حصول میں آزادی کے راگ الاپنا بند کرتے ہوئے توانائی کی پیداوار دینے والے اور اسے لینے والوں کی حیثیت کو تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو یہ پسند ہو یا نہ ہو مگر یہ طے ہے کہ امریکہ اور سعودی عرب کی قسمت اور منزل ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور آئندہ صدیوں تک یونہی جڑی رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 11113
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش