0
Wednesday 2 Nov 2011 20:37

آج دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد امریکہ ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

آج دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد امریکہ ہے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای
اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج بدھ کی صبح ملک بھر سے آئے اسکول کے بچوں اور یونیورسٹی اسٹوڈنٹس کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد امریکہ ہے، ہمارے پاس ایران اور خطے میں انجام پائے دہشت گردانہ اقدامات میں امریکہ کے ملوث ہونے کے بارے میں سو سے زائد حتمی اور ناقابل انکار ثبوت موجود ہیں، ہم یہ ثبوت بہت جلد منظر پر لائیں گے تاکہ امریکہ اور انسانی حقوق اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دعویداروں کو عالمی رائے عامہ کی نظر میں رسوا اور بے آبرو کر دیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے 4 نومبر "یوم مردہ باد استکبار جہانی" کی مناسبت سے جمع ہوئے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ اور عالمی صہیونزم کی سربراہی میں ایران اور اسلامی دنیا کے خلاف عالمی استکباری قوتوں کی سازشوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ خداوند عالم کی مدد اور ملت ایران کی ہمت سے ابھی تک دشمن کی تمام سازشیں شکست سے دوچار ہوئی ہیں اور انشاءاللہ مستقبل میں بھی ناکامی کا شکار ہوتی رہیں گی۔
قائد انقلاب اسلامی ایران نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام کے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے جسکی ایک مثال دنیا کے سامنے ایک نیا سیاسی تفکر یعنی "دینی جمہوریت" کا نظریہ پیش کرنا ہے جو فکری اور اعتقادی حوالے سے انتہائی مضبوط اور علمی حوالے سے قابل اجراء اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے اسلام دشمن قوتوں کی جانب سے
اس نظریئے کے قابل عمل ہونے پر شدید پریشان ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے امریکی حکومت نے ایسے وقت جب اسکی مشکلات روز بروز بڑھتی جا رہی ہیں اور وال اسٹریٹ نامی عظیم عوامی تحریک اپنے اوج پر ہے اسلامی جمہوریہ ایران پر انتہائی بیہودہ، غلط، غیرمنطقی اور مزاحیہ دہشت گردانہ اقدام کا الزم لگایا ہے جسے دنیا کا ہر عاقل اور مربوطہ مسائل سے آگاہ انسان مسترد کرتا ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے ایران پر دہشت گردانہ اقدام کا الزام اور اس ڈرامہ بازی کا مقصد وال اسٹریٹ تحریک سے دنیا کی توجہ ہٹانا اور اسلامی جمہوریہ ایران کو سیاسی دباو کا شکار کرنا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ امریکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلابی اور شریف عوام پر دہشت گردی کا الزام عائد کرنا چاہتا ہے جبکہ آج دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد امریکہ ہے۔
ولی امر مسلمین جہان نے کہا کہ ہمارے پاس سو سے زائد ایسے حتمی اور غیرقابل انکار ثبوت موجود ہیں جو یہ ثابت کرتے ہیں کہ ایران اور خطے میں انجام پانے والے دہشت گردانہ اقدامات اور دہشت گرد عناصر کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے، ہم یہ ثبوت منظر عام پر لائیں گے تاکہ امریکہ اور انسانی حقوق اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دعویداروں کی عزت کو خاک میں ملا سکیں۔ انہوں نے امریکہ کو ناکام اور بے آبرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ اس وقت عراق اور افغانستان میں شدید شکست سے دوچار ہو چکا ہے اور وہاں سے نکل جانے کے علاوہ اسکے پاس کوئی چارہ نہیں، امریکہ شمالی
افریقہ میں بھی شکست کھا چکا ہے۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا کہ امریکی مصر اور تیونس میں حسنی مبارک اور بن علی کو برسراقتدار نہیں رکھ سکے کیونکہ مصری اور تیونسی قومیں ان پر غالب آ گئیں اور لیبیا میں بھی ایسا ہی ہوا اور قذافی کے ساتھ انکا خفیہ رابطہ ہونے کے باوجود اسے نہیں بچا سکے۔ انہوں نے تاکید کی کہ خطے اور دنیا کی اقوام مصر، تیونس اور لیبیا کے واقعات میں امریکہ اور مغربی دنیا کی منافقت اور دوگانگی کو واضح طور پر سمجھ چکے ہیں۔
قائد انقلاب اسلامی ایران نے دنیا کے 80 ممالک میں لبرل جمہوری نظام کے خلاف عوام کے اٹھ کھڑے ہونے کو مغربی سرمایہ دارانہ نظام کی شکست قرار دیا اور کہا کہ شائد امریکی اور مغربی حکام ان عوامی تحریکوں کو کچلنے میں کامیاب ہو جائیں لیکن وہ ہر گز اس آگ کو مکمل طور پر نہیں بجھا سکتے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سب جان لیں باطل اور فرعونی قوتوں کے خلاف اسلامی پرچم تلے ملت ایران کی سربراہی میں اہل حق کی جانب سے شروع کی گئی جدوجہد استکبار جہانی کی نابودی تک جاری رہے گی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی جمہوریہ ایران کو خطے اور دنیا میں رونما ہونے والی تحریک کا مرکز قرار دیا اور تاکید کی کہ اسی وجہ سے اسلام دشمن عناصر اس کوشش میں مصروف ہیں کہ ایرانی عوام بالخصوص نوجوانوں اور ذمہ دار افراد میں مایوسی پھیلا کر عالمی انقلاب کے اس مرکز میں خلل ڈال سکیں لیکن ہمارے جوان اور مسئولین خدا پر توکل اور پوری طاقت اور امید کے ساتھ میدان میں ڈٹے ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 111277
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش