QR CodeQR Code

کالاباغ ڈیم کی دوبارہ تعمیر کے لئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر

5 Nov 2011 20:28

اسلام ٹائمز:درخواست گزار کا موقف ہے کہ اگر کالاباغ ڈیم بن جاتا تو ملک میں وافر مقدار میں بجلی سستے داموں دستیاب ہوتی لیکن منصوبہ ترک کرکے عوام کو اندھیروں میں دھکیل دیا گیا ہے، سپریم کورٹ کالاباغ ڈیم کے التواء کیس کی جلد سماعت کا حکم دے۔


اسلام ٹائمز۔ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے گیارہ سال سے زیر التوا کیس کی جلد سماعت کے لیے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست گزار بیرسٹر ظفراللہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر نہ ہونے سے ملک میں توانائی کا بحران پیدا ہوا اگر کالا باغ ڈیم بنا لیا جائے تو ملک میں وافر مقدار میں بجلی سستے داموں پیدا کی جاسکتی ہے ملک میں موجود بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ بند کر کے رینٹل پاور جیسے بے مقصد منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ رینٹل پاور کے لیے اٹھارہ ارب خرچ کر کے ابھی تک صرف ایک سو میگا واٹ بجلی حاصل کی جا سکی، لہذا عدالت رینٹل پاور جیسے منصوبے ختم کر نے کا حکم جاری کرے اور حکومت کو ہدایات دی جائیں کہ کالا باغ ڈیم کا منصوبہ مکمل کیا جائے۔
یاد رہے کہ کالا باغ ڈیم پر تین سے زائد مرتبہ لاکھوں روپے خرچ کر کے فزیبلٹی رپورٹس تیار کروائی گئیں تھیں لیکن سندھ کی قوم پرست اور دیگر جماعتوں کی مخالفت کے بعد حکومت نے منصوبہ منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے کی جانے والی سازش کے بعد کالا باغ ڈیم کا منصوبہ ختم کیا گیا، بھارت نہیں چاہتا تھا کہ کالا باغ ڈیم تعمیر ہو اس کے لئے بھارت نے بعض جماعتوں کو ایجنڈا دیا جنہوں نے اس منصوبے کی بھر پور مخالفت کر کے اسے ختم کروا دیا۔ اب سپریم کورٹ میں دائر ہونے والی درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس منصوبے کو دوبارہ شروع کرنے کا حکم جاری کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 111916

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/111916/کالاباغ-ڈیم-کی-دوبارہ-تعمیر-کے-لئے-سپریم-کورٹ-لاہور-رجسٹری-میں-درخواست-دائر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org