0
Sunday 6 Nov 2011 23:11

عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار، قربانی اور صبر کا درس دیتی ہے، سید قائم علی شاہ

عیدالاضحیٰ ہمیں ایثار، قربانی اور صبر کا درس دیتی ہے، سید قائم علی شاہ
کراچی:اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحیٰ کے بابرکت موقع پر ہر عبادت اور ہر عمل میں خیر کی روح موجود ہوتی ہے، اﷲ تعالیٰ ہمیں قربانی کے فلسفے کو سمجھنے اور ان عبادات کو ان کی صحیح روح کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق دے۔ اپنے جاری کردہ پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے کہا کہ وہ عید کے موقع پر اپنے اردگرد موجود غریبوں اور محتاجوں باالخصوص حالیہ بارشوں سے متاثرہ افراد کا بھی خیال رکھیں اور انہیں بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے صوبائی کابینہ کے اراکین اور منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے متعلقہ حلقوں میں عید کے موقع پر غریب عوام بارشوں سے متاثرہ افراد، کیمپوں میں موجود لوگوں اور کارکنوں کے ساتھ ملاقاتیں کرکے ان کے دکھ درد اور مسائل معلوم کریں اور انہیں حل کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی مدبرانہ قیادت میں ہم سب مل کر ملک و قوم کی فلاح و بہبود کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ سید قائم علی شاہ نے مزید کہا کہ حالیہ بارشوں سے تقریباً پورا صوبہ اور صوبے کے 85 لاکھ سے زیادہ افراد بے گھر اور متاثرہ ہوئے جبکہ حکومت کی طرف سے ان کو سلامتی کے مقامات پر منتقل کرنے، ریلیف کی فراہمی کے بعد آبادکاری کا مرحلہ رواں دواں ہے جس کیلئے تمام مسلمان بھائیوں پر ان کی مدد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن و آشتی کا مذہب ہے جس میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں اور جو عناصر اس قسم کی سوچ رکھتے ہیں وہ کبھی بھی دین کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے دن ملک باالخصوص صوبہ سندھ کی ترقی اور خوشحالی اور امن و آشتی کیلئے دعا کریں۔
خبر کا کوڈ : 112148
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش