QR CodeQR Code

پاکستانی طیاروں نے خوست اور پکتیکا میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ذبیح اللہ مجاہد

19 Mar 2024 02:34

نجی ٹی وی کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ طیاروں نے پکتیکا کے برمل ضلع میں لامان کے علاقے اور خوست کے سپیرا ضلع میں افغان دبئی کے علاقے پر بمباری کی۔


اسلام ٹائمز۔ افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں الزام لگایا کہ پاکستانی طیاروں نے افغان سرزمین پر فضائی حملہ کیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے تمام 8 افراد خواتین اور بچے تھے، رات کو تقریباً 3 بجے پاکستانی طیاروں نے اپنی سرحد کے قریب افغان صوبے خوست اور پکتیکا میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا ہے۔ ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق طیاروں نے پکتیکا کے برمل ضلع میں لامان کے علاقے اور خوست کے سپیرا ضلع میں افغان دبئی کے علاقے پر بمباری کی۔ واضح رہے کہ صوبہ پکتیکا پاکستان کے جنوبی وزیرستان ضلع کے قریب واقع ہے، جبکہ خوست شمالی وزیرستان کے قریب واقع ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں ہوا ہے، جب کہ ایک روز قبل صدر آصف علی زرداری نے 16 مارچ کو شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر دہشت گردانہ حملے میں 2 افسران سمیت 7 فوجیوں کی شہادت کے بعد جوابی کارروائی کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ پاک فوج کے افسران کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، ملک میں دہشت گردی کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے، پاکستانی سرزمین پر اگر کسی نے حملہ کیا تو جوابی حملہ کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1123509

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1123509/پاکستانی-طیاروں-نے-خوست-اور-پکتیکا-میں-شہری-آبادی-کو-نشانہ-بنایا-ذبیح-اللہ-مجاہد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org