QR CodeQR Code

کراچی، ابن زہراءؑ انسٹیٹیوٹ کے زیر اہتمام 24ویں سالانہ کتب میلے کا انعقاد

27 Mar 2024 12:21

’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دارالثقلین پبلیکشنز کی سربراہ خانم نزہت سعید حیدر نے کہا کہ معاشرے میں کتب بینی اور کتابوں سے استفادے کا شوق ختم نہیں ہوا ہے، خاص طور پر بچوں، نوجوانوں اور بزرگ افراد کتابوں کو بہت زیادہ پسند کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ابن زہرا (س) انسٹیٹیوٹ کراچی کے زیر اہتمام 24واں سالانہ کتب میلہ بعنوان ’معرفت امام زمانہؑ‘ شہید حمید علی بھوجانی ہال سولجر بازار میں لگایا گیا۔ کتب میلے میں امامیہ پبلیشرز کی قرآن مجید، احادیث، نہج البلاغہ سمیت مختلف اسلامی موضوعات کی کتب ایک ہی جگہ پر 10 تا 50 فیصد رعایت کے ساتھ مناسب قیمت پر دستیاب رہیں، کتب میلے میں خانہ فرہنگ جمہوری اسلامی ایران کراچی، دارالثقلین پبلکیشنز، شہید مطہری فورم، طاہراز، محفوظ بک ایجنسی، الکساء فاؤنڈیشن، اسلامی مرکز، شہید فاؤنڈیشن پاکستان، ادارہ تنزیل القرآن، الہادی قرآنک انسٹیٹیوٹ، بَقِیَّہ بک بینک، جعفرطیار لائبریری، افتا ویلفیئر ٹرسٹ و دیگر پبلشرز و اداروں نے شرکت کی۔ دو روزہ کتب میلے میں طلباء و طالبات اور خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور رعائتی قیمت پر دستیاب کتابیں خریدیں۔ کتب میلے کے دوران بچوں کیلئے مختلف سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا، جس میں کمسن بچوں نے مختلف سرگرمیوں میں انتہائی دلچسپی کے ساتھ حصہ لیا۔

’’اسلام ٹائمز‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے دارالثقلین پبلیکشنز کی سربراہ خانم نزہت سعید حیدر نے کہا کہ معاشرے میں کتب بینی اور کتابوں سے استفادے کا شوق ختم نہیں ہوا ہے، خاص طور پر بچوں، نوجوانوں اور بزرگ افراد کتابوں کو بہت زیادہ پسند کر رہے ہیں۔ منتظمین نے بتایا کہ کتب میلے کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اس دور میں شہریوں کو رعایتی نرخوں پر معیاری کتب کی فراہمی ہے، ہر سال کتب میلے میں آنے والے شہریوں کی دلچسپی میں اضافہ ہو رہا ہے، شہریوں کا کہنا تھا کہ کتب میلے کا دورانیہ کم از کم چار سے پانچ روز ہونا چاہیئے اور یہ سال میں ایک کے بجائے کم از کم دو بار ضرور انعقاد کیا جانا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 1124587

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1124587/کراچی-ابن-زہراء-انسٹیٹیوٹ-کے-زیر-اہتمام-24ویں-سالانہ-کتب-میلے-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org