0
Wednesday 9 Nov 2011 00:42

2158 سکھ یاتریوں کی بابا گرونانک کے 543ویں جنم دن کی رسومات کی ادائیگی کیلئے پاکستان آمد

2158 سکھ یاتریوں کی بابا گرونانک کے 543ویں جنم دن کی رسومات کی ادائیگی کیلئے پاکستان آمد
اسلام ٹائمز۔ سکھ یاتری دو ریلوے ٹرینوں کے ذریعے واہگہ ریلوے اسٹیشن پر پہنچے، جہاں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے اراکین نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ آنے والے یاتریوں میں متعدد ایسے بزرگ بھی تھے، جو تقسیم برصغیر کے وقت پاکستان سے بھارت گئے تھے یا ان کے بزرگ یہاں رہتے تھے، وہ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو آج بھی یاد کرتے ہیں اور ان سے ملنے کی خواہش کرتے ہیں۔ ان میں سے اکثر کو یاد ہے کہ وہ کس گاوں میں ر ہتے تھے مگر دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ تعلقات کی وجہ سے انہیں صرف مخصوص شہروں تک محدود رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے۔ اکثر سکھ جو پہلے بھی پاکستان آ چکے تھے، انہوں نے پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے ملنے والے پیار ومحبت کی تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مذہبی رواداری کے معاملے میں وہ پاکستانیوں کے سفیر ہیں، سکھ جہاں بھی جاتے ہیں، پاکستان کی طرف سے اپنے مذہبی مقامات کی حفاظت اور انتظامات پر تعریف ہی کرتے ہیں۔
پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردا شام سنگھ نے بھارت اور پاکستان کی حکومتوں سے اپیل کی کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف اوقات میں ہونے والے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے سکھ مذہب کے ماننے والے بہت متاثر ہوتے ہیں۔ ان پر سفری سہولیات میں پابندیا ں عائد کر دی جاتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے مسلمانوں کے لئے مکہ اور مدینہ افضل ہیں، سکھوں کے لئے ننکانہ صاحب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کے ناطے تمام مذاہب کے لوگوں کو ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا چاہیے۔
گورونانک ویلفیر سوسائٹی کے چیرمین سردار بھشن سنگھ نے بتایا کہ ایران، افغانستان، امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، بھارت اور پاکستان کے چاروں صوبوں سے پچیس ہزار سے زائد سکھ ننکانہ صاحب میں اپنے مذہب کے بانی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لئے پہنچے ہیں۔ مہمان سکھوں کی آمد پر ریلوے اسٹیشن پر ان کے لئے دسترخوان بچھادیا گیا اور روایتی انداز میں مہمان نواز کی گئی۔
سکھ یاتریوں کی آمد پر واہگہ ریلوے اسٹیشن پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ اس موقع پر پاکستان رینجرز کا سکھ آفیسر یاتریوں کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔
بعدازاں خصوصی ٹرینوں کے ذریعے سکھ یاتریوں کو ننکانہ صاحب پہنچایا گیا۔ جہاں 11 نومبر کو سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 543 ویں جنم دن کی تقریبات ہوں گی۔ بھارت سے آئے سکھ یاتری 17  نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس و طن لوٹیں گے۔
خبر کا کوڈ : 112520
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش