QR CodeQR Code

رہبر انقلاب دنیا کے رہبروں میں بے مثال شخصیت کے مالک ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

19 Apr 2024 15:31

اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ آیت اللہ العظمی سید علی حسینی خامنہ ائ رہبر کبیر امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے بعد 35 سال سے عالم اسلام کی رہبری اور رہنمائی کا فریضہ بطریق احسن ادا کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے اپنے بیان میں 19 اپریل رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی حسینی خامنہ ائ کی 85 ویں سالگرہ کے موقع پر عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ائ اپنے رہبر و رہنماء اور استاد بزرگوار حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی طرح ہمہ گیر شخصیت کے مالک ہیں۔ جن میں قیادت و رہبری کی صفات بطور کامل موجود ہیں۔ آپ پوری دنیا کے رہبروں میں بے مثال شخصیت کے مالک ہیں۔ پوری دنیا میں ڈھونڈنے سے ایسا عظیم رہنماء نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے بعد 35 سال سے عالم اسلام کی رہبری اور رہنمائی کا فریضہ بطریق احسن ادا کر رہے ہیں۔ آپ نے ایک طرف فکر امام خمینی اور اسلام ناب محمدی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی پاسداری کی تو دوسری جانب انقلاب اسلامی کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔

ایم ڈبلیو ایم رہنماء نے کہا کہ اسی لئے انقلاب اسلامی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ خمینی الوجود و خامنہ ائ البقاء ہے، یعنی انقلاب اسلامی کے بانی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ ہیں تو اس کے محافظ رہبر سید علی خامنہ ائ ہیں۔ کیونکہ انقلاب لانے سے زیادہ مشکل انقلاب کی حفاظت ہوتی ہے۔ گذشتہ 35 سال سے عالمی استکباری طاقتوں کی سازشوں اور دشمنوں کے حملوں سے رہبر معظم حضرت آقا خامنہ ائ نے شجرہ طیبہ یعنی انقلاب اسلامی کی حفاظت کی ذمہ داری بحسن و خوبی انجام دی ہے۔ علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ بدقسمتی سے عالم اسلام اور عالم انسانیت کی اکثریت ابھی تک اس عظیم رہبر کی شناخت سے محروم ہے۔ ورنہ عصر حاضر میں رہبر معظم قیادت و رہبری کے حوالے سے بے نظیر ہیں۔ ہم سب پر لازم ہے کہ ہم رہبر انقلاب اسلامی کی جامع و ہمہ گیر شخصیت سے اقوام عالم کو آگاہ کریں کہ جن کا کردار اتنا بے عیب ہے کہ آج تک کوئی دشمن بھی آپ کے کردار پر انگلی نہ اٹھا سکا۔


خبر کا کوڈ: 1129725

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1129725/رہبر-انقلاب-دنیا-کے-رہبروں-میں-بے-مثال-شخصیت-مالک-ہیں-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org