QR CodeQR Code

ن لیگ مولانا کو منانے سے پہلے بڑے میاں کو منائیں، حافظ حسین احمد

22 Apr 2024 14:56

ایک بیان میں رہنما جمعیت علماء اسلام نے کہا کہ کوئی رانا ثناء اللہ سے پوچھے کہ آخر میاں نواز شریف کے وزیر اعظم بننے میں کون رکاوٹ تھا ایسے حالات کس نے پیدا کئے کہ بڑے میاں کے بجائے چھوٹے میاں کو وزیر اعظم بنایا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن مولانا صاحب کو منانے سے پہلے بڑے میاں کو منائیں، ہم کسی کی ماننے نہیں بلکہ اپنی بات منوانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں، جے یو آئی سول بالادستی کے مطالبے پر میدان میں نکلی ہے، مسلم لیگ ن موقع پرست جماعت ہے جب مشکل میں ہوتی ہے تو گلے سے لگاتی ہیں اور جب مشکل سے نکل جائے تو گلے پڑ جاتی ہے۔

اپنے ایک بیان میں حافظ حسین احمد کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ کہتے ہیں کہ ہم مولانا فضل الرحمن کو منانے کی کوشش کریں گے، رانا صاحب آپ ہمیں چھوڑیں پہلے اپنے بڑے میاں کو منائیں وہ سب سے زیادہ ناراض ہیں کیوں کہ نواز شریف کے چوتھی بار وزیر اعظم بننے کا خواب مسلم لیگ ن نے ہی چکنا چور کیا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی رانا ثناء اللہ سے پوچھے کہ آخر میاں نواز شریف کے وزیر اعظم بننے میں کون رکاوٹ تھا ایسے حالات کس نے پیدا کئے کہ بڑے میاں کے بجائے چھوٹے میاں کو وزیر اعظم بنایا گیا؟ یہ کوئی عام سی بات نہیں بلکہ اسی سوال میں سب جواب چھپے ہوئے ہیں، شہباز شریف ”اُن“ کے اتنے فرمانبردار ہیں کہ اپنے ہی محسن کے پیٹ میں چھرا گھونپ دیا، درحقیقت مسلم لیگ ن اپنے محسنوں سے دغا کرنے میں کبھی دیر نہیں کرتی۔


خبر کا کوڈ: 1130334

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1130334/ن-لیگ-مولانا-کو-منانے-سے-پہلے-بڑے-میاں-منائیں-حافظ-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org