ایران کے جواب نے اسرائیل کیساتھ تصادم کے نئے قواعد ایجاد کر دئیے ہیں، ابو عبیدہ
23 Apr 2024 20:14
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں القسام بریگیڈ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ فلسطینی مقاومت نے آپریشن طوفان الاقصیٰ کے دوران 60 منٹ میں اسرائیلی طاقت کے بت کو پاش پاش کر دیا۔
اسلام ٹائمز۔ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے عسکری ونگ "القسام بریگیڈ" کے ترجمان "ابوعبیده" نے غزہ پر جنگ کے 200 روز پورے ہونے پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن طوفان الاقصیٰ کے بعد اسرائیل کو سوائے ذلت و رسوائی کے کچھ حاصل نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ 200 روز گزر چکے ہیں اور صیہونی فوج ابھی تک غزہ کی دلدل میں پھنسی ہے۔ ابو عبیدہ نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں فقط قتل و کشتار اور بربادی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے لئے اپنے قیدیوں کی رہائی کا کوئی امکان نہیں۔ غزہ میں مقاومت اب بھی اپنے پاوں پر کھڑی ہے۔ دشمن پر نہ صرف ہمارے حملے جاری رہیں گے بلکہ ہماری جنگی چال میں تبدیلی بھی آئے گی۔ القسام بریگیڈ کے ترجمان نے مقاومت فلسطینی کی نابودی کے اسرائیلی دعوے کو جھوٹ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی کوشش ہے کہ دنیا کے لئے پروپیگینڈہ کرے کہ تمام مقاومتی گروہ ختم ہو چکے ہیں مگر یہ صرف ایک جھوٹ کا پلندہ ہے۔
خبر کا کوڈ: 1130608