QR CodeQR Code

پہاڑوں پر جانیوالوں سے بات چیت کیلئے کمیٹی بنائیں گے، سرفراز بگٹی

23 Apr 2024 22:19

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ 16 نکاتی اصلاحات تیار کرلی گئی ہے۔ جن میں سیکیورٹی، پہاڑوں پر جانیوالوں سے بات چیت، تشدد کے واقعات میں کمی سمیت دیگر مسائل کے حل شامل ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ لاپتہ افراد کیلئے قائم کمیشن میں 80 فیصد معاملات حل ہو چکے ہیں۔ پہاڑوں پر جانے والوں سے بات چیت کے لئے کمیٹی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 16 نکاتی اصلاحات تیار کر لی ہے۔ جن پر وزراء کام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے دیگر صوبائی وزراء کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی فارمیشن مکمل ہوگئی ہے۔ وزراء کو قلمدان مل گئے ہیں۔ ہم نے 16 نکاتی اصلاحات تیار کرلی ہیں۔ اس پر وزراء کام کریں گے۔ وزیر داخلہ امن و امان کیلئے تمام سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ ہم پہاڑوں پر جانے والوں سے بات چیت کیلئے کمیٹی بنا رہے ہیں۔ یہ کمیٹی پارلیمنٹ میں موجود جماعتوں اور دیگر جماعتوں سے بات چیت کرے گی۔ ہم تشدد کے خاتمے کیلئے قبائلی شخصیات سے بات چیت کریں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لاپتا افراد سے متعلق کمیشن میں 80 فیصد معاملات حل ہوئے ہیں۔ لاپتا شخص کو بازیاب کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ہماری کمیٹی تمام امور کو حل کرنے کیلئے کام کرے گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گردوں کو آزاد نہیں چھوڑا جاسکتا۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہر شخص اور اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ بلوچ مزاحمت کاروں اور مذہبی دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں۔ مزاحمت کاروں سے مذاکرات یا رٹ قائم کرنے کا فیصلہ پارلیمنٹ نے کرنا ہے۔ کب تک بلوچستان مارا ماری کا شکار رہے گا۔ کوئی حل نکالنا ہے۔ ہم نے ایک رائے تیار کرکے اس دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے۔ حکومت کی رٹ ہر صورت قائم کی جائے گی۔ صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔ گورننس بہتر کرکے بہت سے مسائل حل کئے جاسکتے ہیں۔ صوبہ کی بہتری کیلئے سب کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ اداروں کی بہتری کیلئے اصلاحات متعارف کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد ترقیاتی اسکیموں کو بروقت مکمل کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 1130634

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1130634/پہاڑوں-پر-جانیوالوں-سے-بات-چیت-کیلئے-کمیٹی-بنائیں-گے-سرفراز-بگٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org