QR CodeQR Code

کوئٹہ، متوقع شدید بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ کا ہنگامی اجلاس

24 Apr 2024 10:03

ضلعی انتظامیہ کیجانب سے کوئٹہ میں ممکنہ شدید بارشوں کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ جس میں متعلقہ ذمہ داران کو کنٹرول روم کے قام سمیت دیگر اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی گئیں۔


اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی کمشنر کوئٹہ لیفٹیننٹ (ر) سعد بن اسد کی زیر صدارت متوقع شدید بارشوں کے پیش نظر ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے متعلقہ محکموں کا اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں محکمہ صحت، محکمہ پی ایچ ای، سوئی سدرن گیس، این ایچ اے سوشل ویلفیر، پولیس ڈیپارٹمنٹ، ایف سی، ٹریفک پولیس، پی ڈی ایم اے، ایریگیشن، میونسپل کارپوریشن، پی پی ایچ آئی، بی ڈبلیو ڈی اور سی اینڈ ڈبلیو کے آفیسران، اسسٹنٹ کمشنرکچلاک اور اسسٹنٹ کمشنر سریاب نے شرکت کی۔ اجلاس میں گزشتہ طوفانی بارشوں اس کی تباہ کاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متوقع شدید بارشوں کے ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے نیا پلان مرتب کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے این ایچ اے کو کوئٹہ شہر کی سڑکوں میں بنے کھڈوں کو بھرنے کی ہدایت کی۔ ڈبلیو ایچ او کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہاں زیادہ بارش ہوگی وہاں ڈی ایچ او اور پی پی ایچ آئی کی ٹیمیں امدادی کیمپ لگائیں گی۔

میونسپل کارپوریشن کو ہدایت جاری کرتے ہوئے ڈی سی کوئٹہ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی تمام ٹیمیں ملازمین اور مشینری سمیت ہائی الرٹ رہیں، جبکہ پی ڈی ایم اے کی تمام ہیوی مشینری کو ہائی الرٹ پر رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر این ایچ اے، میونسپل کارپوریشن اور ڈپٹی کمشنر آفس میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے، جو کہ 24 گھنٹے الرٹ رہے گا۔ اس دوران ضلعی انتظامیہ کے تمام آفیسران فیلڈ میں موجود رہیں گے۔ انہوں نے 26 اپریل تک تمام متعلقہ محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کوئٹہ میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے ہنگامی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریسکیو ٹیموں، ایمبولینسوں اور امدادی سروسز کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1130719

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1130719/کوئٹہ-متوقع-شدید-بارشوں-کی-صورتحال-سے-نمٹنے-کیلئے-انتظامیہ-کا-ہنگامی-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org