QR CodeQR Code

حکمرانوں نے سندھ کو لاقانونیت کی طرف دھکیل دیا ہے، سردار عبدالرحیم

24 Apr 2024 13:12

اجلاس سے خطاب میں رہنما جی ڈی اے نے کہا کہ عام انتخابات 2024ء میں فنکشنل لیگ کے ساتھ بہت زیادتی کی گئی ہے، ہمارے امیدواروں کو زبردستی ہرایا گیا ہے، لہذا کارکنان صبر و تحمل سے دن رات محنت کریں اور پیر پگارا کا متحد سندھ مضبوط پاکستان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سندھ کے حکمرانوں نے سندھ کو لاقانونیت کی طرف دھکیل دیا ہے، کراچی شہر کو اسٹریٹ کرمنلز اور دیگر اضلاع کو ڈاکووں کے حوالے کردیا گیا ہے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے امن امان بہتر کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، کراچی سمیت پورے سندھ میں جلد نئی ممبر سازی مہم شروع کی جائے گی، اس سلسلے میں پہلے کراچی کے تمام اضلاع یوسیز اور پی ایس میں میمبر سازی مہم کے سلسلے میں کیمپ قائم کیے جائں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کراچی زون رابطہ کمیٹی کے اراکین، کراچی کے اضلاع کے عہدیداران اور سینئر پارٹی ممبران کے اجلاس سے فنکشنل لیگ ہاؤس کراچی میں صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں فنکشنل لیگ سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری وقار حسین جٹ، کراچی زون رابطہ کمیٹی کے کنوینئر بیرسٹر ارشد شر بلوچ، ڈپٹی کنوینر نعیم سجاد، جمشید خان، بشیر لاڑک، ریاض بنگش سمیت تمام ضلعی صدور اور سیکریٹریز اور دیگر عہدیداران سمیت رابطہ کمیٹی کے ممبران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی رکن سازی مہم اور فنکشنل لیگ کی با اختیار کراچی زون رابطہ کمیٹی کی تشکیلِ نو وقت کی ضرورت ہے۔ اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے فنکشنل لیگ سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا کہ عام انتخابات 2024ء میں فنکشنل لیگ کے ساتھ بہت زیادتی کی گئی ہے، ہمارے امیدواروں کو زبردستی ہرایا گیا ہے، لہذا کارکنان صبر و تحمل سے دن رات محنت کریں اور پیر پگارا کا متحد سندھ مضبوط پاکستان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔


خبر کا کوڈ: 1130771

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1130771/حکمرانوں-نے-سندھ-کو-لاقانونیت-کی-طرف-دھکیل-دیا-ہے-سردار-عبدالرحیم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org