0
Friday 11 Nov 2011 15:15

جدہ سے آنے والی حج پروازوں میں تاخیر، حجاج کو لینے کیلئے آنے والے عزیز پریشانیوں کا شکار

جدہ سے آنے والی حج پروازوں میں تاخیر، حجاج کو لینے کیلئے آنے والے عزیز پریشانیوں کا شکار
اسلام ٹائمز۔ جدہ سے آنے والی حج پروازیں اسلام آباد سمیت ملک کے اہم ائیرپورٹس پر تاخیر سے پہنچ رہی ہیں۔ جس کے باعث حجاج کرام اور انہیں لینے کیلئے آنے والے عزیز پریشانیوں کا شکار ہو گئے۔ اسلام آباد، کراچی، پشاور آنے والی پروازیں تاخیر سے پہنچیں جبکہ لاہور آنے والی پرواز بھی دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔ چار سو نناوے حاجیوں کو لیکر پہلی پرواز تین گھنٹے تاخیر کے بعد جدہ ائیرپورٹ سے اسلام آباد پہنچی، حجاج کرام کے مطابق پرواز میں تاخیر کی وجہ جدہ ائیرپورٹ پر بدنظمی اور معلمین کا حجاج کرام کو بروقت ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم نہ کرنا تھا جس کے باعث حج پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔
حاجیوں نے اسلام اباد ائیرپورٹ پر پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ حج کے دوران بھی بسوں کی کمی کے باعث لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ایک ہی خاندان کے افراد کو مختلف گاڑیوں میں سوار کرایا گیا اور انہیں تکلیفوں کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب حاجیوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ سالوں کی نسبت اس سال خیموں کا سائز بھی چھوٹا تھا۔ بیشتر حاجی حکومتی اور سرکاری ائیرلائن سے خوش نظر آئے۔ دوسری جانب حجاج کرام کو ائیرپورٹ پر لینے آنے والے ان کے رشتہ داروں کو سخت سردی اور بارش میں کئی گھنٹے حاجیوں کا انتظار کرنا پڑا۔ علاوہ ازیں پشاور آنے والی حج پرواز پانچ گھنٹے کی تاخیر سے صبح ساڑھے چار بجے پشاور ایئرپورٹ پہنچے گی، پی آئی اے کی حج پرواز پی کے 2102 کو رات ساڑھے گیارہ بجے پہنچنا تھا۔ حج پرواز پانچ گھنٹے کی تاخیر سے پشاور ایئرپورٹ پہنچے گی۔ جس میں 327 حجاج کرام سوار ہیں۔ حجاج کرام کو پشاور ایئرپورٹ سے حاجی کیمپ پہنچایا جائے گا۔ادھر کراچی میں حج پرواز پی کے 7682 تین گھنٹے کی تاخیر کے بعد 455 مسافروں کو پہنچی۔ پرواز سے آنے والے حاجیوں کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے ناقص انتظامات کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ 
کراچی حج ٹرمینل پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حاجیوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال حکومت نے بہتر انتظامات کئے تھے جبکہ پی آئی اے کی جانب سے ناقص انتظامات کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ حاجیوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پی آئی اے کے معاملات کو بہتر بنانے کیلئے جنگی بنیادوں پر انتظامات کرے۔ اس موقع پر ایم ڈی پی آئی اے ندیم یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حج پروازوں کے ذریعے حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پرواز میں تاخیر کی بنیادی وجہ معلموں کی جانب سے عازمین کو تاخیر سے ایرپورٹ لیکر آنا ہے تاہم اب امید ہے حج آپریشن سے تمام عازمین بغیر پریشانی سے واپس وطن آ جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 113088
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش