QR CodeQR Code

کوئٹہ، تحریک تحفظ آئین کے اجلاس کا انعقاد، احتجاج سے متعلق فیصلے ہوئے

4 May 2024 23:58

اجلاس میں تحریک تحفظ آئین کے رہنماء کی کل چمن ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج میں شرکت و مطالبات کی تائید، جبکہ پرسوں پریس کلب کوئٹہ میں مشترکہ احتجاجی مظاہرے کا فیصلہ کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک تحفظ آٸین پاکستان کا اجلاس مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی کی زیر صدارت پشتونخوا میپ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ جس میں پشتون خوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال، سابق گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر أفغان، بلوچستان نیشنل پارٹی کے میر غلام نبی مری، پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر داؤد شاہ کاکڑ، صوبائی جنرل سیکرٹری جہانگیر رند اور دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں چمن پرلت پر ایف سی کے ناروا حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ کل بروز اتوار 5 مٸی کو تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صوبائی رہنماء چمن پرلت اور ڈی سی آفس چمن کے سامنے دھرنے میں شرکت کرکے شہداء اور زخمیوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی اور چمن پرلت کے مطالبات کی بھرپور تاٸید و حمایت کی تجدید کریں گے۔ اسکے علاوہ بروز سوموار 6 مٸی کو کوٸٹہ میں دن 3 بجے تمام پارٹیوں کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کوٸٹہ پریس کلب پر منعقد ہوگا۔ اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ چمن دھرنے کے مظاہرین گذشتہ چھ ماہ سے مکمل طور پر پرامن احتجاج کر رہے ہیں۔ ان کے مطالبات تسلیم کرنے کی بجائے نہتے شہریوں پر فائرنگ کی گئی۔ ریاست کو شہریوں کے لئے ماں کی طرح شفیق ہونا چاہئے مگر یہاں ریاست سوتیلی ماں کا کردار ادا کر رہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1132861

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1132861/کوئٹہ-تحریک-تحفظ-آئین-کے-اجلاس-کا-انعقاد-احتجاج-سے-متعلق-فیصلے-ہوئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org