QR CodeQR Code

پاکستان کسان اتحاد کا 10مئی سے احتجاج کا اعلان، زراعت کا علامتی جنازہ بھی نکالیں گے 

5 May 2024 19:52

ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کسان اتحاد کے چیئرمین خالد محمود کھوکھر کا کہنا تھا کہ ہم اپنے بھائیوں کو تنگ نہیں کرنا چاہتے پر ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں رہا، ہمیں گرفتاری کی کوئی پرواہ نہیں ہے ہم پاکستان کے مفاد کی بات کررہے ہیں، ہم کسانوں کی گرفتاری کی بھی پرزورمذمت کرتے ہیں۔ 


اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد محمود کھوکھر نے ملتان سے احتجاج کا اعلان کردیا، ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دس مئی بروز جمعہ سے احتجاجی مظاہرے شروع کیے جائیں گے، زراعت کا علامتی جنازہ بھی ادا کیا جائے گا۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا گندم کے معاملے پر پہلی درخواست آرمی چیف اور وزیراعظم کو میں نے دی تھی، گندم امپورٹ بدنیتی پر کی گئی تھی، سمگل مافیا نے گندم باہر بھیج کر پیسہ کمایا، پہلی بار ایسا ہوا کہ باہر والی گندم فروخت ہوسکے، بوٹی کھانے کے لیے انہوں نے اونٹ کو ذبح کردیا۔

چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر نے کہا ہم نے ہر چیز بلیک میں خریدی ہے، آج ایک یوریا کے پانچ مختلف ریٹس ہیں، کاشتکار کا معاشی قتل کیا گیا ہے جبکہ کاشتکار پیسہ اپنا ملک میں انویسٹ کرتا ہے۔ چیئرمین پاکستان کسان اتحاد خالد کھوکھر نے مزید کہا ہم ملتان میں 10 مئی سے احتجاج شروع کررہے ہیں، ہم زراعت کا علامتی جنازہ بھی ادا کریں گے، ہم اپنے بھائیوں کو تنگ نہیں کرنا چاہتے پر ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں رہا، انہوں نے کہا ہمیں گرفتاری کی کوئی پرواہ نہیں ہے ہم پاکستان کے مفاد کی بات کررہے ہیں، ہم کسانوں کی گرفتاری کی بھی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ 


خبر کا کوڈ: 1132998

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1132998/پاکستان-کسان-اتحاد-کا-10مئی-سے-احتجاج-اعلان-زراعت-علامتی-جنازہ-بھی-نکالیں-گے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org