QR CodeQR Code

غیرقانونی یہودی بستیاں حزب اللہ لبنان و فلسطینی مزاحمت کے راکٹوں کی زد میں

11 May 2024 11:28

لبنانی و فلسطینی مزاحمتی فورسز نے اپنے تازہ راکٹ حملوں میں کریات شمونہ اور بئر السبع نامی غیرقانونی یہودی بستیوں کو نشانہ بنایا ہے جس سے ان دونوں قصبوں میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر یہودی آبادکاروں کو شدید نقصان پہنچا ہے


اسلام ٹائمز۔ صیہونی میڈیا نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع غیرقانونی اسرائیلی بستیوں پر حزب اللہ لبنان اور فلسطینی مزاحمتی فورسز کے شدید راکٹ حملوں کی اطلاع دی ہے۔

اس حوالے سے اسرائیلی میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی مزاحمتی فورسز نے غزہ کی پٹی سے بئر السبع نامی غیرقانونی یہودی بستی کی جانب دسیوں بار راکٹ حملے کئے ہیں جبکہ آئرن ڈوم نامی ہوائی دفاعی نظام ان راکٹوں کو روکنے میں بری طرح سے ناکام رہا ہے۔

اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے بھی کہا ہے کہ بئر السبع پر کم از کم 5 مرتبہ راکٹ حملہ کیا گیا ہے جبکہ اس دوران آئرن ڈوم صرف 1 راکٹ کو ہی روک پایا ہے جبکہ ان حملوں میں متعدد غیرقانونی یہودی آبادکار زخمی ہوئے ہیں۔

عرب چینل المنار کے مطابق لبنانی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کی فورسز نے بھی مقبوضہ فلسطین کے شمال میں واقع غیرقانونی یہودی بستیوں پر متعدد راکٹ حملے کئے ہیں جن سے غیرقانونی یہودی بستی کریات شمونہ میں وسیع تباہی ہوئی ہے۔
 

اس بارے اسرائیلی چینل 14 کا کہنا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے کئی ایک راکٹ کریات شمعونہ پر آ گرے ہیں جس کے بعد بہت سے صیہونی فوجیوں کو راکٹوں کے گرنے کے مقامات کی جانب بھیج دیا گیا ہے۔

صیہونی میڈیا کے مطابق حزب اللہ لبنان کے راکٹ حملوں سے غیرقانونی صیہونی بستی میں وسیع آگ پھیل چکی ہے جبکہ کریات شمونہ میں 10 سے زائد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

اس حوالے سے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے کریات شمعونہ کے ساتھ ساتھ کفر شوبا کی مقبوضہ بلندیوں میں واقع غاصب اسرائیلی فوج کے السماقہ نامی ہیڈکوارٹر کو بھی اپنے کامیاب میزائل حملوں کا نشانہ بنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1134262

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/1134262/غیرقانونی-یہودی-بستیاں-حزب-اللہ-لبنان-فلسطینی-مزاحمت-کے-راکٹوں-کی-زد-میں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org