0
Sunday 13 Nov 2011 16:43

نوجوان قوم کے روشن اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

نوجوان قوم کے روشن اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں، علامہ ناصر عباس جعفری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کے روشن اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہیں اس لیے ان کی کردار سازی اور تربیت پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے، جوانوں پر لازم ہے کہ وہ اپنی جوانی اللہ تعالٰی کی اطاعت میں گزاریں، شیطانی ہتھکنڈوں سے بچیں اور خود کو پاک دامن، شب زندہ دار اور قاری قرآن بنائیں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار چنیوٹ میں ایم ڈبلیو ایم شعبہ جوان کے زیر اہتمام منعقدہ لبیک یا حسین کانفرنس میں خطاب کے دوران کیا، کانفرنس میں مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ محمد امین شہیدی، مرکزی سیکرٹری فلاح و بہبود برادر نثار فیضی، ایم ڈبلیو ایم پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی اور ڈپٹی سیکرٹری علامہ اصغر عسکری بھی موجود تھے۔
 علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عصر حاضر میں سرزمین وطن پر مغربی تہذیب کی یلغار اسلامی معاشرے کے لیے ناسور بن چکی ہے، ان حالات میں شبیہہ رسول شہزادہ علی اکبر کی سیرت و کردار نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے نوجوان بابصیرت ہیں کیونکہ ان کے سامنے سب سے بہترین نمونہ عمل کربلا میں حضرت علی اکبر، حضرت عباس اور حضرت قاسم کا کردار ہے، ہمارے نوجوانوں کو ان کے پاکیزہ کردار کا عملی نمونہ نظر آنا چاہیے، ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ نوجوانوں کو معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت حاصل ہے اس لیے نوجوانوں کی کردار سازی اور تربیت کے بغیر معاشرے کی تطہیر کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔
 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ امین شہیدی نے کہا کہ اگر نوجوان خلوص نیت کے ساتھ میدان میں اتریں تو قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں، ہمیں فخر ہے کہ ہمارے نوجوانوں میں بہت پوٹینشل ہے، وہ جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اور پورے جوش و خروش کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرنے کا عزم رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان انبیاء کی تحریک کو جاری رکھے ہوئے ہوئے ہے اور اس الٰہی جماعت میں نوجوانوں کو وہی حیثیت حاصل ہے جو روح کو جسم میں حاصل ہوتی ہے، انہوں نے مزید کہا کہ آج مکتب تشیع اور ملت اسلامیہ کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے اور نوجواں طبقہ اس ضمن میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے، انہوں نے کہا امام خمینی رہ کی پوری زندگی اتحاد بین المسلمین اور وحدت امت کا عملی نمونہ تھی اور ان کی اس جدوجہد میں بھی نوجوانوں نے مرکزی کردار ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 113647
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش