QR CodeQR Code

شاہ محمود قریشی سیاسی طور پر دیوالیہ ہو گئے، فردوس عاشق اعوان

15 Nov 2011 00:42

اسلام ٹائمز:میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے جانے سے حکومت اور پارٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے، پارٹی قیادت نے حوصلے کے ساتھ ان کی تنقید کو برداشت کیا۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی سیاسی طور پر دیوالیہ ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر مملکت پر بے جا تنقید کا بدلہ پیپلزپارٹی کے کارکن الیکشن میں لیں گے۔ شاہ محمود قریشی نے ذاتی مفاد کے لئے سب کچھ کیا۔ شاہ محمود قریشی کی تقریر کا سکرپٹ کسی اور نے لکھا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کے جانے سے حکومت اور پارٹی کو کوئی خطرہ نہیں ہے، پارٹی قیادت نے حوصلے کے ساتھ ان کی تنقید کو برداشت کیا۔ شاہ محمود قریشی نے آج کا دن پارلیمنٹ پر خودکش حملے کے لئے چنا۔ قومی اسمبلی میں مادر جمہوریت کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن تھا۔ انہوں نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی تربیت ضیاءالحق کے دور میں ہوئی، وہ جسمانی طور پر پیپلزپارٹی میں رہے، لیکن ضیاءالحق کے پیروکار ثابت ہوئے۔ شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ کو نہ مانتے ہوئے کہا کہ ممبران استعفٰی دے دیں، وہ خود تو 4 سال تک اس پارلیمنٹ میں رہے اور وزیر خارجہ بھی رہے لیکن اپنے مفاد کی خاطر وہ یہ سب کچھ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے سمندر سے اس طرح کے ندی نالے نکلتے ہیں جو کچھ دور جا کر خشک ہو جاتے ہیں۔ کسی ایک شخص کے جانے سے پارٹی یا حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، پارٹی کسی کی مرہون منت نہیں ہے۔


خبر کا کوڈ: 114023

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/114023/شاہ-محمود-قریشی-سیاسی-طور-پر-دیوالیہ-ہو-گئے-فردوس-عاشق-اعوان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org