QR CodeQR Code

پاکستانی زائرین کو عراق کی سرحد پر روک لیا گیا

15 Nov 2011 22:16

اسلام ٹائمز:پاکستان کے مختلف شہروں سے جانے والے زائرین پر مشتمل قافلہ کا ایک رکن کربلا میں لاپتہ ہو جانے کی وجہ سے عراقی فورس نے پاکستانی زائرین کو سرحد پر روک لیا اور گزشتہ چار روز سے بھوکا پیاسا رکھا ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز: چالیس پاکستانی زائرین عراقی سرحد پر روک لئے گئے، قافلے میں ستائیس خواتین بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پاکستان زائرین کا قافلہ چھ نومبر کو لاہور سے روانہ ہوا جس میں جھنگ، بھکر، شیخوپورہ اور لاہور کے زائرین شامل ہیں جب کہ قافلہ کے سالار کھاڑک جامع مسجد کے خطیب مولانا نجم الحسن ہیں۔ قافلہ نے ایران میں زیارات کے بعد عراق کے لئے رخت سفر باندھا کربلا میں قافلہ میں شریک ایک شخص گم ہو گیا جس کی تلاش کے لئے قافلہ سالار اور دیگر زائرین نے سر توڑ کوشش کی لیکن لاپتہ ہونے والا شخص نہ مل سکا، تھک ہار کر قافلہ کے لوگ واپس وطن جانے کے لئے تیار ہوئے تو عراقی سیکیورٹی فورس نے انہیں مہران سرحد پر روک لیا اور مطالبہ کیا کہ گم ہونے والے شخص کو تلاش کر کے لائو۔ قافلہ میں شریک افراد نے فورس کے ذمہ داران کو بتایا کہ ہم نے اس شخص کو بہت تلاش کیا ہے لیکن وہ نہیں مل سکا لیکن عراقی فورس نے قافلہ والوں کو سرحد پر ہی روک لیا اور گزشتہ چار روز سے سرحد پر ہی روکا ہوا ہے جہاں قافلہ کے پاس راشن بھی ختم ہو چکا ہے۔ کربلا میں لاپتہ ہونے والے شخص کا نام الیاس بتایا گیا ہے جب کہ اس کا تعلق لاہور کے نواحی شہر اوکاڑہ سے ہے۔ قافلہ میں شریک زائر سجاد حسین جعفری کے بھائی ارشاد حسین جعفری نے اسلام ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ زائرین کو عراقی فورس بے جا تنگ کر رہی ہے اور قافلہ کے لوگ بے یارومددگار سرحد پر پڑے ہیں جن میں خواتین کی حالت بہت پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بغداد میں قائم پاکستانی سفارت خانہ بھی کوئی تعاون نہیں کر رہا۔


خبر کا کوڈ: 114187

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/114187/پاکستانی-زائرین-کو-عراق-کی-سرحد-پر-روک-لیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org