QR CodeQR Code

شاہ محمود قریشی نے ہمیشہ مفادات اور عہدوں کی سیاست کی ہے، پیپلز پارٹی

16 Nov 2011 13:49

اسلام ٹائمز:پیپلز سیکرٹریٹ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے چند افراد کے الگ ہونے سے پارٹی میں کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ الگ ہونے والا ہی ہمیشہ کے لیے ختم ہوا ہے


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن نے زرداری مخالف قوتوں کو انتباہ کیا ہے کہ وہ صدر زرداری اور دیگر قیادت کے حوالے سے غلط زبان استعمال کرنے سے گریز کریں بصورت دیگر ایسے عناصر کے خلاف کارکن راست اقدام پر اتر آئیں گے۔ شاہ محمود قریشی پہلے پارٹی کے نظریاتی کارکن اور رہنما کبھی نہیں رہے۔ ہمیشہ انہوں نے مفادات اور عہدوں کی سیاست کی ہے۔ پیپلز پارٹی سے چند افراد کے الگ ہونے سے پارٹی میں کوئی فرق نہیں پڑتا بلکہ الگ ہونے والا ہی ہمیشہ کے لیے ختم ہوا ہے۔ ذوالفقار مرزا نے اگر صدر زرداری کے خلاف غلط زبان استعمال کی تو ان کے خلاف بھی کارکن سراپا احتجاج بن جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز سیکرٹریٹ میں پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سید نجمی عالم اور جنرل سیکرٹری سعید غنی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر ضلعی صدور قاسم بلوچ، سردار خان، ذوالفقار قائم خانی کے علاوہ لطیف مغل، سہیل عابدی، نورجہاں بلوچ، فرزانہ بلوچ اور دیگر کارکن و عہدیداران بھی موجود تھے۔
سید نجمی عالم نے کہا کہ پارٹی میں قربانی دینے والوں کی ایک طویل فہرست ہے لیکن غداروں اور پارٹی سے بے وفائی کرنے والے بھی موجود رہے جنہوں نے موقع پر مفاد پرستی کو دیکھتے ہوئے پارٹی سے علیحدگی اختیار کی اور ہمیشہ کے لیے ان کا نام و نشان مٹ گیا۔ پیپلز پارٹی کے سابق رہنما شاہ محمود قریشی نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز ضیاالحق کے مارشل لا کی نرسری سے کیا اور پھر ایجنسیوں کے بنائے ہوئے بتوں سے رجوع کرتے رہے۔ 18 سال قبل مسلم لیگ ن سے پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پارٹی نے انہیں پنجاب کی صوبائی صدارت کے علاوہ دیگر اہم ذمہ داریاں سونپیں اور موجودہ حکومت کے قیام کے ساتھ ہی وزیر خارجہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اب انہوں نے پسند کی وزارت نہ ملنے پر پارٹی سے بے وفائی کی۔


خبر کا کوڈ: 114329

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/114329/شاہ-محمود-قریشی-نے-ہمیشہ-مفادات-اور-عہدوں-کی-سیاست-ہے-پیپلز-پارٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org