0
Wednesday 16 Nov 2011 17:23

پیپلز پارٹی نے چودھری برادران کو بے نظیر قتل کیس سے ’’باعزت بری ‘‘ کر دیا

پیپلز پارٹی نے چودھری برادران کو بے نظیر قتل کیس سے ’’باعزت بری ‘‘ کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی میں ذوالفقار گوندل،  شوکت بسرا، اشرف سوہنا اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں راجہ ریاض احمد نے کہا کہ جب 2008ء کے انتخابات کے بعد اسمبلیاں وجود میں آئیں تو میری رہائشگاہ پر اراکین اسمبلی کو دئیے جانیوالے جانیوالے عشائیے میں شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے اور میں نے ان سے پوچھا تھا کہ آپ بتائیں آپ قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشست میں سے کون سی رکھیں گے تو انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ق) سے اتحاد ہوا تو میں صوبائی اسمبلی کی نشست رکھوں گا، شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ بینظیر بھٹو شہید کی سیاست انکے ساتھ دفن ہو گئی اگر ایسا تھا تو شاہ محمود قریشی تین سال تک وزیر خارجہ کیوں رہے، یہ صرف وزارت کا معاملہ ہے، ریمنڈ ڈیوس کے حوالے سے انکے بیان میں کوئی صداقت نہیں اگر انہیں قیادت کہتی تو وہ انکار نہ کرتے، اس معاملے میں پنجاب حکومت سمیت تمام اداروں کو اعتماد میں لیکر ملکی مفاد میں فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ 18ویں ترامیم کی منظوری کے بعد ایوان صدر میں خارجہ کی وزارت مانگ رہے تھے تو انہیں اس وقت حکومت اور قیادت میں نقص کیوں نظر نہ آیا؟ پیپلز پارٹی ایک سمندر ہے اسے چند قطروں کے نکل جانے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پارٹی چھوڑنے والے شاہ محمود قریشی چاہے (ن) لیگ میں چلے جائیں یا کسی اور جماعت میں آئندہ انتخابات میں بالکل اسی طرح انکی ضمانت ضبط ہو گی جس طرح مصطفی کھر کی ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں جب مجھے اور شاہ محمود قریشی کو گرفتار کیا گیا تو مجھے جیل بھجوا دیا گیا جبکہ مشرف نے شاہ محمود کو لاہور میں انکی رہائشگاہ بھجوا کر وہاں نظر بند کروا دیا وہ بتائیں یہ کیا معاملہ تھا؟ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے کہوں گا کہ سیاست کانٹوں کی سیج ہے، ان کا اب تک سیاست میں کردار بال ٹمپرنگ کرنے والے کھلاڑی جیسا ہے، وہ شاہ محمود قریشی کی تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر رہے ہیں جبکہ شاہ محمود اسکی نفی کر چکے ہیں جس سے انکی سیاسی بصیرت کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دانش سکولوں، سستی روٹی سکیم کی طرح شہباز شریف کا بسوں کا منصوبہ بھی ناکام ہو گا اور تصویر میں اس طرح لگ رہا ہے کہ جس طرح انہوں نے جنازے کو کندھا دیا ہوا ہے جس طرح انکے دیگر منصوبوں کا جنازہ نکلا اسی طرح اس منصوبے کا بھی جنازہ نکل جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری ایک مرتبہ پھر نواز شریف سے درخواست ہے کہ وہ نالائق اور نا اہل وزیر اعلیٰ کی جگہ کسی اور شخص کو وزیر اعلیٰ لگائیں اگر یہ مزید ڈیڑھ سال تک صوبے پر مسلط رہے تو تباہی کے دہانے پر پہنچے ہوئے صوبے کا دیوالیہ نکل جائے گا لیکن وہ بھی مغل بادشاہ ہیں وہ کسی کی بات ماننے کو اپنی بے عزتی سمجھتے ہیں۔ پنجاب حکومت تشہیری مہم کے ذریعے اپنی نااہلیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن عوام اب انکے دھوکے میں نہیں آئینگے۔ انہوں نے (ن ) لیگ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے کہا کہ اس کی راہ میں لوٹوں کی فیکٹری سب سے بڑی رکاوٹ ہے جبکہ ہم مفاہمت کی سیاست کے تحت انہیں اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے نہیں کہہ رہے۔ انہوں نے شاہ محمود قریشی کیخلاف احتجاج کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ وہ اتنی بڑی شخصیت نہیں انکے خلاف سڑکوں پر آیا جائے لیکن ضرورت پڑی تو ایسا بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی تحقیقاتی ایجنسی کہہ چکی ہے کہ بینظیر بھٹو کے قتل میں چودھری برادران کا کوئی ہاتھ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 114417
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش