QR CodeQR Code

ولایت فقیہہ غدیر کا تسلسل ہے، سیاست کو دین سے جدا سمجھنے والے غدیر کے مخالف ہیں، حجتہ الاسلام جواد نقوی

16 Nov 2011 19:43

اسلام ٹائمز: عید غدیر کی مناسبت سے اپنی تقریر میں آغا جواد نقوی نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں بھی سیاست کو دھوکہ دہی، فراڈ، کرپشن اور منافقت کے طور پر چلایا جا رہا ہے، جس کی اساس اسلام کی بجائے فرنگی میکالے کا نظام سیاست کا یہاں پر رائج ہونا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ولایت فقیہہ غدیر کا تسلسل ہے اور سیاست کو دین سے جدا کرنے والے غدیر کے مخالف ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز مذہبی سکالر حجتہ الاسلام آغا جواد نقوی نے مسجد و امام بارگاہ امام صادقؑ کراچی کمپنی اسلام آباد میں جشن غدیر کے حوالے سے منعقدہ جشن غدیر کے اجتماع سے بعنوان "مھجوریت ولایت از غدیر تا ظہور" خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم حجتہ الوادع کے موقع پر یوم عرفہ میں تمام حقوق، حتی کہ معمولی سے معمولی احکام کی تو وضاحت کریں  لیکن امت کو ان احکام پر عمل درآمد کے لئے ولایت اور ںظام حکومت کا تعین نہ کریں؟؟ یہ بات سراسر عدل الہی اور عقل و منطق کے خلاف ہے، یہی وجہ ہے کہ غدیر کے موقع پر پیغمبر صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے حکم خدا سے اعلان ولایت علی ابن ابی طالب ؑ کرکے امت کو نجات کا راستہ عطا کیا لیکن افسوس کہ امت نے غدیر کے دن سے ہی اعلان غدیر اور ولایت کا الٹا معنی لے کر ولایت کو اطاعت ولی کی بجائے محبت و حب علیؑ سے سمجھ کر بخیا بخیا یعنی واہ واہ تک محدود کیا۔ انہوں نے کہا کہ بخیا بخیا کا مطلب مبارکباد نہیں بلکہ واہ واہ ہے۔ یہی وجہ تھی کہ عرب کے مشہور شاعر حسام بن ثابت جس نے غدیر میں فی البدیع یعنی اسی وقت شان امام علیؑ میں قیصدہ سنا کر اصحاب و رسول اللہ سے داد پائی، لیکن بدقسمتی سے اسی حسام بن ثابت نے امام علیؑ کو خلیفہ بلافصل تو دور کی بات چوتھا خلیفہ بھی نہیں مانا، جو ایک تلخ تاریخی حقیقت ہے۔
حجتہ الاسلام آغا جواد نقوی کی تقریر دو گھنٹے سے زائد جاری رہی جس میں عوام بالخصوص جوانوں نے ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی۔ مسجد و امام بارگاہ کے ہال کے علاوہ باہر برآمدوں میں بھی عوام کھڑے تھے جبکہ خواتین کے لئے علیحدہ پردے کا اہتمام تھا۔
آغا جواد نقوی نے غدیر کو آج کے دور میں نظریہ ولایت فقیہہ اور ظہور امام زمانہؑ کی راہ ہموار کرنے سے متعلق اپنی مفصل گفتگو میں کہا کہ امام خمینیؒ نے جب انقلاب اسلامی کی کوششوں کا آغاز کیا تو اس وقت ساواک کے سربراہ نے امام خمینیؒ کو نظر بند کرنے کے بعد مشورہ دیا کہ آپ ایک روحانی شخصیت ہیں اسلئے سیاست میں حصہ نہ لیں کیونکہ سیاست گندے لوگوں کا کام ہے۔ امام راحل امام خمینیؒ نے ساواک کے سربراہ کو کہا کہ آپ جیسے لوگوں نے سیاست کو گندہ کر دیا ہے جبکہ ہمارے نزدیک ہمارا دین، توحید، رسالت و امامت سیاست ہی ہے۔ ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں کیونکہ خدا کائنات کا خالق و مالک ہونے کے باوجود کائنات کو ولی کے طور پر چلاتا ہے۔ آغا جواد نقوی نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں بھی سیاست کو دھوکہ دہی، فراڈ، کرپشن اور منافقت کے طور پر چلایا جا رہا ہے، جس کی اساس اسلام کی بجائے فرنگی میکالے کا نظام سیاست کا یہاں پر رائج ہونا ہے،حالانکہ علامہ اقبالؒ نے
ہو سیاست دین سے جدا تو بن جاتی ہے چینگزی
کہہ کر پاکستان کے لئے اسلامی نظام کا خواب دیکھا تھا۔ بدقسمتی سے جہاں اس ملک کے سیاستدانوں نے میکالے کی تقلید کی وہاں اس ملک میں سیاست میں مشغول دینی طبقے اور ملاؤں نے حقیقی و ناب محمدی اسلام کے لئے کوشش کی بجائے خانقاہی سوچ اور فکر دین رائج کرکے نہ صرف اقبالؒ کے خواب بلکہ عوام کی امیدوں کو بھی چکنا چور کر دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ ولی فقیہہ امرالمسلمین سید علی خامنہ ای اور نظام ولایت کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں دراصل یہ فکر بنی امیہ کی ہے، بنی امیہ نے ایک سازش کے تحت سیاست کو دین کو جدا قرار دیا۔ انہوں نے  اپنی ناجائز حکومت کو جواز دینے اور آئمہ اہلبیت و محمد و آل محمدؑ کو نعوذ باللہ باغی کہلوانے کے لئے یہ سارا کھیل اور منفی پروپیگنڈہ کیا تھا اور آج بدقسمتی سے ہمارے بہت سے لوگ اس منفی پروپیگنڈے کا شکار ہیں۔ 
قارئین حجتہ الاسلام  آغا جواد نقوی کی عید غدیر کی مناسبت سے کراچی کمپنی میں کی گئی یہ اہم اور مفصل تقریر اور دیگر آڈیو وٰڈیو لیکچرز گھر و آفس میں بیٹھ کر اس نیچے دیئے گئے ویب سائٹ لنک پر دیکھ سن سکتے ہیں۔
www.islamimarkaz.com


خبر کا کوڈ: 114452

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/114452/ولایت-فقیہہ-غدیر-کا-تسلسل-ہے-سیاست-کو-دین-سے-جدا-سمجھنے-والے-کے-مخالف-ہیں-حجتہ-الاسلام-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org