0
Thursday 17 Nov 2011 10:51

امریکہ میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی مستعفی

امریکہ میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی مستعفی

اسلام ٹائمز۔ امریکا میں پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے اپنا استعفٰی ایوان صدر بھجوا دیا ہے، جس کی ایوان صدر کے ذرائع نے تصدیق بھی کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق منصور اعجاز کے خط کے حوالے سے فوجی قیادت ناراض تھی۔ ایوان صدر کے ذرائع نے تصدیق کر دی ہے کہ حسین حقانی کا استعفیٰ موصول ہو گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آرمی چیف کو بھی ان کے استعفے سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکی اخبار کو اپنے ایک انٹرویو میں حسین حقانی کا کہنا تھا کہ وہ ایڈمرل ریٹائرڈ مائیک مولن کو کسی بھی قسم کا مواد فراہم کرنے کے معاملے میں شامل نہیں رہے۔ تاہم اس کے باوجود انھوں نے صدر زرداری کے نام خط میں مستعفی ہونے کی پیشکش کر دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد پاکستان جائیں گے۔
دیگر ذرائع کے مطابق امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیر حسین حقانی نے حکومت کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کی پیشکش کر دی ہے، جبکہ صدراتی ترجمان نے ایسی اطلاعات سے لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق حسین حقانی کی جانب سے ایوان صدر کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اگر ان کے مستعفی ہونے سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے تو وہ اس کیلئے تیار ہیں۔ گزشتہ چند دنوں سے پاکستان کے عسکری اور سویلین حکام کے درمیان ایک امریکی شہری منصور اعجاز کے ذریعے امریکی حکام کو بھیجے گئے خط کے بعد پس پردہ حالات میں کشیدگی کی اطلاعات تھیں۔ منصور اعجاز نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ایک پاکستانی سفارتکار نے امریکی حکام کو میمو بھیجنے کا کہا۔ منصور اعجاز کی جانب سے امریکی حکام کو فراہم کئے گئے میمو میں صدر زرداری کی جانب سے آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف کو ہٹانے کیلئے امریکی حکام سے مدد مانگی تھی اور عسکریت پسند گروپوں سے ہر طرح کے تعلقات ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

خبر کا کوڈ : 114594
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش