QR CodeQR Code

صدر سے آرمی چیف کی ایک اور ملاقات، وزیراعظم بھی موجود تھے

17 Nov 2011 11:07

اسلام ٹائمز:ملاقات میں اہم قومی معاملات پر غور سمیت پاکستانی نژاد امریکی تاجر منصور اعجاز کے ذریعے امریکی فوج کو بھجوائے گئے مبینہ خط کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ آرمی چیف نے اس حوالے سے سیاسی قیادت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔


اسلام ٹائمز۔ صدر آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دوسری اہم ملاقات کی، جس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی شریک ہوئے، ملاقات میں اہم قومی معاملات پر غور سمیت پاکستانی نژاد امریکی تاجر منصور اعجاز کے ذریعے امریکی فوج کو بھجوائے گئے مبینہ خط کا معاملہ بھی زیر بحث آیا، سیاسی قیادت نے ایک بار پھر آرمی چیف کو معاملے کی مکمل تحقیقات کروانے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے اسے سیاسی و عسکری قیادت میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازش قرار دیا اور اسے ناکام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ آرمی چیف نے اس حوالے سے سیاسی قیادت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ 
ذرائع کے مطابق بدھ کی رات صدر مملکت آصف علی زرداری سے چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ایوان صدر میں ملاقات کی جس میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی بھی شریک تھے۔ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے ایک بار پھر سیاسی قیادت کو اس حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا جبکہ سیاسی قیادت نے معاملے سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے ایک بار پھر یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی، صدر اور وزیراعظم نے اسے عسکری اور سیاسی قیادت کے مابین غلط فہمیاں پیدا کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسی سازشوں کو ناکام بنایا جائیگا اور سازشی عناصر کو بے نقاب کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق سیاسی قیادت نے آرمی چیف کو بتایا کہ اس حوالے سے امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے سے معلومات طلب کی گئی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 114597

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/114597/صدر-سے-آرمی-چیف-کی-ایک-اور-ملاقات-وزیراعظم-بھی-موجود-تھے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org