0
Monday 8 Jul 2024 10:20

سکردو، محرم الحرام کا سکیورٹی پلان جاری، 7 مقامات انتہائی حساس قرار

سکردو، محرم الحرام کا سکیورٹی پلان جاری، 7 مقامات انتہائی حساس قرار
اسلام ٹائمز۔ ڈی پی او سکردو اسحاق حسین نے محرم الحرام 2024ء کے لئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس سکردو نے محرم الحرام کی مجالس کے لئے ضلع سکردو کے 9 سیکٹروں کو تین کیٹیگریز میں تقسیم کر دیا۔ کٹیگری اے انتہائی حساس میں 7 مجالس کے مقامات، کٹیگری بی حساس میں 59 مقامات اور کٹیگری سی نارمل میں 386 مقامات شامل ہیں۔ ضلع بھر میں کل 582 مقامات پر مجالس ہوں گی جن میں دن کو 304 مقامات پر مجالس ہوں گی جبکہ رات کو 279 مقامات پر مجالس ہوں گی۔ ان مجالس کے حفاظتی امور نبھائے کے لئے 434 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔
 
 محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں مجموعی طور پر 601 اہلکار حفاظتی انتظامات سنبھالیں گے۔ محرم الحرام کے دوران سکردو شہر میں کیو آر ایف، آئی بیکس سکواڈ، ڈسٹرکٹ سکیورٹی برانچ، جی بی اسپیشل برانچ، ٹریفک پولیس اور ویمن پولیس کے اہلکار بھی حفاظتی انتظامات کے لئے مامور ہوں گے۔
 محرم الحرام کے دوران پولیس چیک پوسٹ استک، پولیس چیک پوسٹ کچورہ، سیزنل چیک پوسٹ بڑا پانی دیوسائی اور پولیس چیک پوسٹ سدپارہ پر ضلع سکردو میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی سختی سے تلاشی لی جائے گی۔
 
محرم الحرام کے دوران ڈی پی او آفس میں ڈسٹرکٹ پولیس سکردو کا مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے ضلع بھر میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال سے متعلق آگاہی حاصل کی جائے گی۔ چھ محرم الحرام سے مختلف مقامات سے جلوس عزاء برآمد کئے جائیں گے جن کے لئے حفاظتی انتظامات مکمل کیے گئے ہیں۔ محرم الحرام کے دوران حفاظتی انتظامات کے سلسلے میں پولیس کی معاونت کے لئے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے جبکہ اسکاؤٹس اور رضاکار بھی خدمات انجام دیں گے۔
 
 چھ محرم الحرام کو پانچ جلوسوں کی حفاظت کے لئے 125، سات محرم الحرام کو نو جلوسوں کی حفاظت کے لئے 179، آٹھ محرم الحرام کو دس جلوسوں کی حفاظت کے لئے 210 اور نو محرم الحرام کو نکالے جانے والے تریسٹھ جلوسوں کی حفاظت کے لئے 865 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ دس محرم الحرام یوم عاشور کے دن ضلع بھر میں 77 جلوس برآمد ہوں گے جن کی حفاظت کےلئے 734 اہلکار تعینات ہوں گے۔
 
 گیارہ محرم الحرام کو بارہ جلوسوں کی حفاظت کے لئے 40 اہلکار، بارہ محرم الحرام کو پانچ جلوسوں کی حفاظت کے لئے 80 اہلکار، تیرہ محرم الحرام کو چھ جلوسوں کی حفاظت کے لئے 41 اور چودہ محرم الحرام کے بارہ جلوسوں کی حفاظت کےلئے 90 اہلکار تعینات ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 1146422
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش