0
Thursday 11 Jul 2024 18:52

امام حسینؑ کسی فرقہ، گروہ یا مسالک کے نہیں بلکہ انسانیت کے محسن ہیں، علامہ رمضان توقیر

امام حسینؑ کسی فرقہ، گروہ یا مسالک کے نہیں بلکہ انسانیت کے محسن ہیں، علامہ رمضان توقیر
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑ پور کے علاقہ سید علیاں میں محرم الحرام کے حوالے سے ’’حسینؑ سب کا‘‘ پروگرام میں تحصیل سٹی میئر عمر امین خان گنڈہ پور اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے خصوصی شرکت کی۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ محمد رمضان توقیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حسینؑ سب کا کے پروگرام کا مقصد تمام مکاتب فکر کے کو دعوت دینا ہے کہ امام حسینؑ کسی فرقہ، گروہ یا مسالک کے امام اور پیشوا نہیں بلکہ انسانیت کے محسن ہیں، ان کا مقصد احکام الٰہی اور اپنے نانا کے دین کی بقا تھا۔ آج ہر مسلمان حسینؑ کے نانے کے دین پر عمل پیرا ہے، اس دین اور شریعت رسول کو پامال ہونے سے بچانے کے لیے امام عالی مقامؑ نے باطل قوتوں کے خلاف قیام کیا۔ لہذا  محرم الحرام میں قیام امن کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور عوام کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے۔ مذہبی رواداری اور عقیدت و احترام کے نواسہ رسول ص کے ایام کو پرامن طور بھرپور انداز میں منانے کی کوشش کریں اور ایک دوسرے کی مقدسات کا احترام کریں۔

دیگر مقررین نے بھی ’’حسینؑ سب کا‘‘ کے عنوان پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواسہ رسول کی اس عظیم قربانی کو عقیدت و احترام کے ساتھ اتحاد و وحدت اور مذہبی رواداری کے ساتھ پر امن طور منانے کی کوشش کریں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر پہاڑ پور، ڈی ایس پی پہاڑپور، ایس ایچ او پہاڑ پور، سابق ضلعی صدر ایس یو سی مولانا کاظم حسین مطہری ،مولانا عبدالروف عابدی، سید جمیل حسین شاہ زیدی، امیدوار ممبر صوبائی اسمبلی سید کامران شاہ زیدی، متوالیان تھلہ جات پہاڑپور اور دیگر معززین علاقہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ پروگرام میں قیام امن، بھائی چارے، ایام محرم الحرام میں امام بارگاہ اور جلوس عزا کے انتظامات کرنے کیلئے تحصیل پہاڑ پور کے متوالیان کی مالی معاونت بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 1147145
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش