0
Sunday 20 Nov 2011 20:20

ایجنسیوں کا کھیل بند کر دیا، زرداری خودمختاری بیچ رہے ہیں، نواز شریف

ایجنسیوں کا کھیل بند کر دیا، زرداری خودمختاری بیچ رہے ہیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ میاں محمد نواز شریف نے فیصل آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صدر زرداری ملکی خودمختاری بیچ رہے ہیں، ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے، میمو والا معاملہ 9 دنوں میں عوام کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد میں حملہ ہوتا ہے، حکمرانوں کی ٹانگیں کانپنا شروع ہو جاتی ہیں، ان سے قبل آمر صدر پرویز مشرف ایک فون کال پر ڈھیر ہو گئے تھے، اس کی طرح موجودہ حکمران بھی بزدل ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ ملکی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ میمو والا معاملہ نو دن میں عوام کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری صاحب آپ پتہ نہیں کب تبدیلی لائیں گے، ہم ملک میں تبدیلی لا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کے معاملے کو پس پشت نہیں ڈالنے دیں گے۔ پنجاب حکومت کے حوالے سے نواز شریف نے کہا کہ شہباز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، پنجاب میں حکومت کی کارکردگی مثالی ہے۔ افسوس اس بات پر ہے کہ وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے ساتھ کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے، جس کی وجہ سے ہم حکومت سے باہر آ گئے۔ اگر میثاق جمہوریت پر عمل ہوتا تو آج ملکی حالات اس طرح کے نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ میں پاکستان کا سفیر امریکی مفادات کے لئے کام کر رہا ہے اور حسین حقانی امریکی فوج سے کہتا ہے کہ آؤ ہمارے ملک کی حفاظت کرو۔ ہمیں پاک فوج پر ناز ہے، لیکن جو ایجنسیوں کا کھیل کھیل رہے تھے، ہم نے اس کھیل کو بند کروا دیا ہے۔

 قبل ازیں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے عمران خان کو پیشکش کی ہے کہ وہ اثاثوں کے بارے میں الزامات کی بجائے ہمارے ساتھ سپریم کورٹ چلیں اور اس میں یہ فیصلہ کرائیں کہ کالا دھن کس کے پاس ہے اور کہا ہے کہ ہمارے لیڈر عوام کے سامنے ہیں جب بھی ملک پر مشکل آئی تو صدر زرداری لندن یا فرانس بھاگ جاتے ہیں، ہمیں ملک کو زرداری سے پاک کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا عمران خان ایک بال سے دو وکٹیں نہیں گرا سکتے، یہ الگ بات ہے ایمپائر ملے ہوئے ہوں تو شاید تین وکٹیں بھی گرا لیں، یہ بلبلے ہیں جن میں ہوا کسی اور نے بھری ہے، ہم اس آئی ایس آئی کو مانتے ہیں جو دشمن کے دلوں پر لرزہ طاری کر دے، اس کو نہیں مانتے جو لوٹا کریسی میں ملوث ہو اور ہم ان جرنیلوں کیخلاف ہیں، جو فوج کی طاقت کو اقتدار حاصل کرنے کیلئے استعمال کریں۔

مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ فیصل آباد والے لائل پور کو نہیں بھول سکتے تو میں متحدہ پاکستان کو کیسے بھول سکتا ہوں، ہم جان دے دینگے، لیکن آمریت کو کسی صورت قبول نہیں کرینگے چاہے وہ فوجی آمریت ہو یا سویلین آمریت ہو، جاوید ہاشمی اس کے خلاف لڑتے ہوئے جان کی بازی بھی لگا دے گا۔ اس سے قبل ممبر قومی اسمبلی عابد شیر نے کہا کہ کرپٹ، چور، لٹیروں کو بھاگنے نہیں دیں گے، یہ جلسہ واضح کرتا ہے کہ فیصل آباد نواز شریف کا ہے۔ عابد شیر نے کہا کہ اب حکمرانوں کو کوئی نہیں بچا سکتا ہے کیونکہ انہوں نے اس شہر کے 5 لاکھ مزدوروں کو بے روزگار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا سیلاب کرپٹ حکمرانوں سے ایوان اقتدار خالی کروانے کی ایک علامت ثابت ہو گا، جس کی قیادت میرے محترم قائد نواز شریف کریں گے۔ 
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج کا جلسہ کرپٹ حکمرانوں کے خلاف عوامی عدالت میں تبدیل ہو گیا ہے۔ آزادی کے ثمرات ابھی تک عوام تک نہیں پہنچے ہیں کیونکہ یہ ملک قائداعظم کا پاکستان نہیں رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری نے طے کرلیا ہے کہ وہ اپنی اصلاح نہیں کریں گے، ان کی اصلاح کیلئے ہم نے تنقید بھی اپنی آرا بھی ان تک پہنچائیں۔ 
خبر کا کوڈ : 115653
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش