0
Wednesday 23 Nov 2011 19:01

متنازعہ میمو ملک سے غداری ہے، ملوث چہرے بے نقاب کرکے سزا دی جائے، مفتی نعیم

متنازعہ میمو ملک سے غداری ہے، ملوث چہرے بے نقاب کرکے سزا دی جائے، مفتی نعیم
اسلام ٹائمز۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم مفتی محمد نعیم نے کہا ہے کہ متنازعہ میمو ملک و قوم کیساتھ غداری ہے، پاکستانی قوم مولن کو لکھے گئے خط کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے اور ملک سے غداری میں ملوث چہرے بے نقاب کرکے سزا کا مطالبہ کر رہی ہے، بیرون ممالک مقیم پاکستانی سیاستدانوں کے کرتوتوں کے باعث ملک و قوم کے مستقبل کے حوالے سے فکرمند ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سفر حج سے واپسی پر کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر جامعہ بنوریہ کے ایڈمنسٹریٹر مولانا غلام رسول، مولانا مسعود بیگ، مولانا ساجد محمود، مولانا انصر محمود سمیت اساتذہ کرام، جامعہ کے منتظمین طلبہ کی بڑی تعداد بھی ائیرپورٹ پر ان کے استقبال کیلئے موجود تھی۔
مفتی محمد نعیم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں الیکشن کے بعد ہر بار اقتدار اعلیٰ پر صرف چہرے تبدیل ہوتے رہتے ہیں نظام تبدیل نہیں ہوتا، ملک و قوم کے مسائل حل نہیں ہوتے ہر آنے والا حکمران مدت اقتدار پوری کرنے کیلئے نئے نئے شوشے چھوڑتا ہے اور اپوزیشن ان کی ٹانگیں کھینچتی ہے، عوامی اور ملکی مسائل کا حل کوئی پیش نہیں کرتا ہے۔ موجودہ حکمرانوں نے بھی مدت اقتدار پوری کرنے کیلئے پاکستانی سیاست میں ایک نئے لفظ مفاہمت کی سیاست کا اضافہ کردیا ہے، ملک اور بیرون ملک مقیم پاکستانی حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ مفاہمت کی سیاست سے آخر آج تک ملک و قوم کو کیا فائدہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک مقیم پاکستانی سیاستدانوں کے کرتوتوں کے باعث ملک و قوم کے مستقبل کے حوالے سے فکرمند ہیں، جب اعلیٰ پاکستانی حکام ہی ملک و قوم اور فوج کیخلاف دوسروں کو دعوت دینگے تو حکمرانوں سے خیر کی توقع فضول ہے، مائیک مولن کو لکھے گئے خط کا معاملہ پارلیمنٹ میں لاکر ملک سے غداری میں ملوث چہرے بے نقاب کرکے سزا دی جائے، سیاستدانوں نے اپنی مفاد پرستانہ پالیسیوں سے ملک کی خود مختاری اور سالمیت کو داؤ پر لگا دیا ہے، متنازعہ میمو ملک و قوم کیساتھ غداری ہے، اسی طرح اس میمو کے مرکزی کردار منصور اعجاز کی بھی کڑی تحقیق کی جانی چایئے کیونکہ منصور اعجاز مبینہ طور پر قادیانی ہے اور قادیانی لابی کی سازشوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ہے جو ہر وقت ہر جگہ پاکستان کو نقصان پہنچانے میں پیش پیش رہتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 116577
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش