اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے مذہبی امور خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میمو پر جوڈیشل نہیں حکومتی سطح پر انکوائری ہونی چاہئے، شریف برادران نے ماضی سے سبق نہ سیکھا تو صرف گو زرداری گو نہیں ہو گا، پھر سب کو جانا ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ میمو سکینڈل پر حکومتی سطح پر ضرور کارروائی ہونی چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کے خلاف بھی انکوائری ہونی چاہئے جو کارگل کے معاملے پر کلنٹن کے پاس گئے تھے، جبکہ شہباز شریف نے مشرف سے جان چھڑانے کے لئے جو خط لکھے ان پر بھی انکوائری ہونی چاہئے۔ ایک سوال پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ایجنسیوں کے بندے ہیں یا نہیں، یہ عمران خان جانے اور ان پر الزام لگانے والے ن لیگی جانیں۔ انہوں نے کہا کہ جس دن سے جمہوری حکومت آئی ہے، کچھ لوگ اس نظام کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔ میڈیا حکومت کے خلاف مہم چلا رہا ہے۔ ہمارا موقف شائع کرنے کے لئے صحافیوں کے قلم کی سیاہی ختم ہو جاتی ہے۔