0
Thursday 24 Nov 2011 00:08

این آر او نظر ثانی کیس میں وفاق کے نامزد وکیل بابر اعوان کو آج دلائل مکمل کرنے کی ہدایت

این آر او نظر ثانی کیس میں وفاق کے نامزد وکیل بابر اعوان کو آج دلائل مکمل کرنے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کے سترہ رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس نے سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ این آر او کو کالعدم قرار دینے کا فیصلہ وفاق کے حق میں ہے۔ اپنے دلائل میں بابر اعوان نے کہا کہ این آر او کو اسلامی قوانین کے منافی قرار دے کر عدالت نے آئینی اختیار سے تجاوز کیا۔ کسی قانون کی اسلام سے مطابقت کا تعین وفاقی شرعی عدالت کر سکتی ہے۔ شرعی عدالت کے دائرہ اختیار کا احترام ہونا چاہیے۔ آئین کے آرٹیکل 89 کے تحت صدارتی آرڈیننس پارلیمنٹ کے منظور کردہ قانون کے ہم پلہ ہے۔ بابر اعوان نے کہا کہ وہ وکیل تسلیم ہوئے بغیر دلائل دے رہے ہیں۔۔ یہ منفرد تجربہ ہے، جس پر جسٹس ایس اے خواجہ نے کہا کہ عدالت کے لیے بھی یہ منفرد تجربہ ہے کہ وہ متنازع پیراگرافس کی نشاندہی کیے بغیر دلائل دے رہے ہیں۔
 چیف جسٹس نے کہا کہ این آر او کے اجرا کے وقت حکومت کسی آئین کے تحت نہیں بلکہ ماورائے آئین تھی۔ بابر اعوان نے کہا کہ وفاق بھی کسی ماورائے آئین حکومت اور اس کے قوانین کی حمایت نہیں کرتا۔ جسٹس عثمانی نے بابر اعوان سے استفسار کیا کہ وہ این آر او کی بحالی چاہتے ہیں۔ جس پر بابر اعوان نے کہا کہ ہرگز نہیں۔ ان کے دلائل سے یہ نتائج اخذ نہ کیے جائیں۔ جسٹس عارف خلجی نے کہا کہ فیصلے کے وہ پیراگراف بتائے جائیں جس سے وفاق متاثر ہوا۔ بابر اعوان کی استدعا پر وفاق کی نظرثانی درخواست سے 11 پیرا گرافس حذف کر دیئے گئے۔ سماعت کے دوران ججوں اور بابر اعوان میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ بابر اعوان نے کہا کہ لوٹ مار کے اور بھی کیسز ہیں ان کی سماعت کیوں نہیں کی جاتی، صرف این آر او سے فائدہ اٹھانے والے کو نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ یہاں سیاسی حساب چکانے کے لیے آئے ہیں، آپ بتائیں کس کے خلاف مقدمات کی سماعت نہیں ہو رہی۔ بابر اعوان نے کہا کہ اصغر خان کی پٹیشن ایک عرصے سے زیر التوا کیوں پڑی ہے؟ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ آپ چیف جسٹس نہیں کہ جو مقدمات لگانے کے حوالے سے کوئی فیصلہ کریں۔ عدالت نے بابر اعوان کو اضافی شواہد کی اجازت نہیں دی اور سماعت کل تک کیلئے ملتوی کر دی۔
11
خبر کا کوڈ : 116658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش