0
Saturday 26 Nov 2011 18:22

محرم الحرام کے دوران ذاکرین اور علماء کی سیکورٹی کا خاص خیال رکھا جائیگا، احمد رضا طاہر

محرم الحرام کے دوران ذاکرین اور علماء کی سیکورٹی کا خاص خیال رکھا جائیگا، احمد رضا طاہر
 اسلام ٹائمز۔ کیپٹل سٹی پولیس چیف احمد رضا طاہر نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران ذاکرین اور علماء کے مجالس میں آنے اور جانے کے اوقات میں انکی سیکورٹی کا خاص خیال رکھا جائیگا، جلوس یا مجلس کے اختتام پر خصوصی طور پر ڈیوٹی پر مامور اہلکار ہائی الرٹ رہیں گے۔ سی سی پی او نے کہا کے محرم الحرام کے دوران بالخصوص عورتوں کی مجالس میں لیڈیز پولیس کی تعیناتی سمیت سیکورٹی کے موثر انتظاما ت کئے جائیں۔ سی سی پی او نے سٹی ٹریفک پولیس کو بھی ہدایت کی ہے کہ محرم الحرام کے دوران سیکورٹی کے پیش نظر اگر کو ئی سڑک عارضی طور پر بند کی جائے تو شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی کیلئے متبادل راستہ دیا جائے اور ایسے مقامات پر الرٹ وارڈنز تعینات کئے جائیں۔ اپنے ایک حکم میں سی سی پی او احمد رضا طاہر نے کہا کہ محرم کے جلوسوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے تین سطحوں کی جامع چیکنگ کے نظام کی سختی سے پابندی کی جائے جبکہ ٹریفک پولیس اور تھانہ پولیس مشترکہ طور پر تمام گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی موثر چیکنگ اور سکریننگ کریں۔
سی سی پی او نے کہا کہ محرم کے جلوسوں کو چھتوں سمیت تمام اطراف سے سیکورٹی مہیا کی جائے اور جلوسوں کے روٹس پر سائیڈ لین اور سٹرکوں کو خاردار تار کے ذریعے بلاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حساس مقامات کی حفاظت کیلئے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی پٹرولنگ کا موثر نظام اپنایا جائے۔ سی سی پی او نے حکم دیا کہ جلوسوں کے ہمراہ محلہ و امن کمیٹیوں کے ارکان کے ساتھ ساتھ بم ڈسپوزل سکواڈ کی موجودگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ سی سی پی او نے کہا کہ محرم الحرام کے دنوں میں فول پروف سیکورٹی کے پیش نظر تمام مجالس کے ایگزٹ اور انٹری پوائنٹس، مجالس اور جلوسوں کی قریبی چھتوں اور روٹوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی جبکہ ڈیوٹی پر مامور پولیس جوان مجالس یا جلوس ختم ہونے کے بعد آخری عزادار کے جانے تک ڈیوٹی پر موجود رہیں گے جبکہ مجالس اور جلوسوں سے 200 میٹر کی دوری پر پارکنگ کی اجازت ہو گی۔ احمد رضا طاہرنے کہا کہ 12 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار محرم الحرام کے دوارن اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور لاہور پولیس 4000 مجالس اور 640 جلوسوں کو مکمل سیکورٹی فراہم کرے گی جبکہ مسلح پولیس اہلکار روزانہ منعقد ہونے والے پروگراموں کو بھی تحفظ فراہم کرنے کیلئے تعینات کئے جائیں گے۔
اسی طرح 297 امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں پر واقع 787 مساجد اور حساس مقامات پر اِضافی نفری تعینات کی جائے گی، جبکہ ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے 1068 ممبران مجالس اور جلوس کے راستوں پر موجود ہونگے. 184 حساس مقامات کی خصوصی سیکورٹی کا انتظام کیا گیا ہے جن میں 48اے کیٹیگری، 94 بی کیٹیگری اور 12 سی کیٹیگری کے مقامات شامل ہیں۔ مجالس اور جلوسوں کی خصوصی سیکورٹی کیلئے 134 موبائل سکواڈ، 85 موٹر سائیکل، 75 گاڑیاں اور ایلیٹ کی 11 گاڑیاں گشت کریں گی۔ اپنے ایک حکم میں سی سی پی او نے لاہور پولیس کو یہ بھی ہدایت کی کہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے کہ جلوسوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ نہ ہو، ٹریفک حکام خصوصی ٹریفک پلان تشکیل کریں جبکہ خواتین مجالس اور جلوسوں کے روٹس کو بھی غیر معمولی سیکورٹی کور دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی شناخت اور تلاشی کو یقینی بنانے کیلئے تمام داخلی پوائنٹس کیلئے واک تھرو گیٹ اور میٹل ڈیٹیکٹر استعمال کئے جائیں جبکہ پولیس ملازمین کو حساس مقامات اور ناخوشگوار واقعات سے نمٹنے کے متعلق مسلسل بریفنگ دی جائے۔
خبر کا کوڈ : 117364
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش