QR CodeQR Code

نیٹو کے پاکستانی سکیورٹی فورسز پر حملے عالمی درندگی ہے ،مولانا فضل الرحمن

26 Nov 2011 19:14

اسلام ٹائمز:لاہور میں جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ اب بھی وقت ہے کہ حکمران اور پالیسی ساز ادارے بند آنکھیں کھولیں، نیٹو پاکستانی حکمرانوں کو دوستی کا صلہ دے رہا ہے، جب تک خارجہ پالیسی کا قبلہ تبدیل نہیں کیا جائے گا اغیار بے گناہوں کا خون بہاتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد امجد خان سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کے حکمران اور پالیسی ساز ادارے بند آنکھیں کھولیں، نیٹو حکمرانوں کو دوستی کا یہ صلہ دے رہا ہے، جے یو آئی کے امیر نے مہمند ایجنسی میں نیٹو افواج کی طرف سے پاکستانی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان حملوں کو پاکستان کی سلامتی پر حملہ اور اسے عالمی درندگی قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کبھی ڈرون حملوں میں بے گناہ لوگ مار دیے جاتے ہیں اور کبھی پاکستانی فورسز کو درندگی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ حکمران ایک لمحے کے لیے پالیسیاں تبدیل کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں، آمریت کے خلاف شور تو مچایا جاتا ہے لیکن اس دور کی داخلہ پالیسیوں اور خارجہ پالیسی کو تبدیل کرنے کے لیے سرے سے کوئی سوچ موجود نہیں۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پارلیمینٹ کی متفقہ قراردادوں کو فائلوں کی زینت بنا دیا گیا ہے، جب تک خارجہ پالیسی کا قبلہ تبدیل نہیں کیا جائے گا اغیار بے گناہوں کا خون بہاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو نے نہ صرف پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی بلکہ پاکستانی جوانوں کا قتل عام کیا ہے اس پر سراپا احتجاج بن جانا چاہیے اور فوری طور پر اتحادی صفوں سے نکلنے کا فیصلہ کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک مسلسل نقصان اٹھا رہا ہے اور نوبت پہاں تک آ پہنچی کہ پاکستانی فورسز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ مشوروں کے بجائے فیصلوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے اندرونی اور بیرونی پالیسیاں فی الفور تبدیل کر نے کا اعلان کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 117396

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/117396/نیٹو-کے-پاکستانی-سکیورٹی-فورسز-پر-حملے-عالمی-درندگی-ہے-مولانا-فضل-الرحمن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org