0
Sunday 27 Nov 2011 13:53

حکمران غیروں کی جنگ سے نکلیں، دہشت گردی کا فوجی نہیں سیاسی حل ہے، عمران خان

حکمران غیروں کی جنگ سے نکلیں، دہشت گردی کا فوجی نہیں سیاسی حل ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب کچھ ہے اب صرف ایمانداری اور انصاف چاہیے، ذہنی غلاموں سے آزادی کا وقت آگیا ہے۔ ملتان تحصیل شجاع آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے جن کا ساتھ دیا انہوں نے ہی حملہ کر کے ہمارے جوانوں کو شہید کیا۔ عمران خان نے کہا کہ جن کیلئے ہم نے اپنے ملک کو تباہ کیا اور چالیس ہزار لوگ مروائے وہی آج ہمیں مار رہے ہیں، تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ جن کی وجہ سے ہم نے اپنا نقصان کیا، ملکی معیشت تباہ کی، غربت پھیلائی، تعلیم کا فنڈ ملٹری آپریشن پر لگایا، تقریباً 70 ارب روپے اس قوم کو نقصان ہوا، ہر روز ہمارے فوجی اور شہری شہید ہو رہے ہیں ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی حکومت سے کہتے ہیں کہ اب امریکہ کی جنگ سے نکلنے کا وقت آگیا ہے اس ملک کے ڈالروں کی پوجا کرنے والوں نے ملک کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے جب ملک میں تباہی آئی، دہشت گردی بڑھی، ان ڈالروں کی پوجا کرنے والوں نے اس ملک کو ایسے کنارے پر کھڑا کر دیا ہے جہاں سے واپسی کا راستہ مشکل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا حکمرانو شرم کرو اب ان غلاموں سے آزادی کا وقت آگیا ہے، تحریک انصاف نے سات سال سے کہہ رہی ہے کہ جنگ ہماری نہیں یہ غیروں کی جنگ ہے اس کا فوجی نہیں سیاسی حل ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے کسانو آپ پر ہونے والا ظلم کرپشن کی وجہ سے ہے، چوری کوئی کرتا ہے اور قیمت آپ ادا کرتے ہیں، غربت نے لوگوں کا جینا حرام کر دیا ہے، آج کھاد کی بوری کی قیمت خرید سے باہر ہے  800 سے 1800روپے تک پہنچ گئی ہے اب وہ بھی نہیں مل رہی، کپاس 4000 سے 2200 روپے ہو گئی ہے کھاد مہنگی اور کپاس سستی کر دی گئی ہے، کسان کی محنت ضائع کر دی گئی ہے، آج ملک میں لوٹ مار ہو رہی ہے، غربت کی وجہ کرپشن ہے اگر ہم نے اپنی حالت بدلنی ہے تو جدوجہد کرنا ہو گی، اللہ تعالیٰ کہتا ہے کہ میں کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک وہ قوم خود اپنی حالت بدلنے کی کوشش نہ کرے۔
آج حالات بدلنے اور نیا پاکستان بنانے کا وقت آگیا ہے پاکستان اس وقت اٹھے گا جب پاکستان کا چھوٹا کسان اٹھے گا آج پاکستانی انصاف مانگ رہے ہیں۔ انشاء اللہ پاکستان میں آنے والے سونامی کو کوئی جماعت نہیں روک سکتا، آج تبدیلی کا وقت آگیا ہے ہم مقابلہ کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں، آصف علی زرداری اور نواز شریف دونوں نورا کشتی کھیل رہے ہیں اب ان کو سونامی کا خوف پیدا ہو گیا ہے۔ نواز شریف گو زرداری گو کا نعرہ لگا کر نزلہ تحریک انصاف پر ڈال رہا ہے۔ عمران خان نے کہاکہ ہم پاکستان میں انصاف کا نظام لائیں گے پاکستان میرٹ پر چلے گا، میرا قوم سے وعدہ ہے محنتی لوگ ہی آگے آئیں گے ہم اپنی پارٹی اور پاکستان میں میرٹ لائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ تحریک انصاف میں آنے والوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 117512
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش