0
Sunday 27 Nov 2011 16:50

فرقہ واریت پھیلانے والے علما اور انتہا پسندوں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے، احمد رضا طاہر

فرقہ واریت پھیلانے والے علما اور انتہا پسندوں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے، احمد رضا طاہر
اسلام ٹائمز۔ کیپٹل سٹی پولیس چیف احمد رضا طاہر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اشتعال انگیز اور فرقہ وارانہ منافقت پھیلانے والے ذاکرین اور علماء کے خلاف قانونی کاروائی کے علاوہ شدت پسندوں اور انتہا پسندوں کی سرگرمیوں پر بھی کڑی نظر رکھی جائے جبکہ اسلحہ کی نمائش پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے، ممتاز شخصیات، عبادت گاہوں اور مدارس کی سیکورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے، محرم میں مجالس کے مقامات، جلوسوں کے روٹس کے متعلق مختلف انٹیلی جینس اداروں سے قریبی رابطہ رکھا جائے، سی سی پی او نے لاہور پولیس کو حکم دیا کہ سیکورٹی انتظامات میں شہر بھر میں ہر سطح پر علماء، امن کمیٹیوں، محلہ کمیٹیوں، ایم این ایز، ایم پی ایز اور معززین کو بھی شامل کیا جائے جبکہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کو تاکید کی جائے کہ وہ ذاکرین، علماء اور دیگر مقررین کے طرز عمل کے ذاتی طور پر ذمہ دار ہو ں گے۔ سی سی پی او نے وارننگ دی کہ محرم کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے کسی تساہل، غفلت اور سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ وہ خود بھی جامع سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے وقتاً فوقتاً اچانک دورے جاری رکھیں گے۔
اپنے ایک حکم میں سی سی پی او لاہور احمد رضا طاہر نے ڈویژنل ایس پی حضرات کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے اپنے اپنے علاقوں میں مسلسل گشت کریں اور حساس علاقوں میں موثر پٹرولنگ کو یقینی بنائیں جبکہ کہ وہ خود بھی اِس سلسلہ میں لاہور کی تمام ڈیوٹی کا معائنہ کریں گے۔ سی سی پی او نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ڈیوٹی پر مامور پولیس جوانوں کے ڈیوٹی پوائنٹ پر پک اینڈ ڈراپ کے موثر انتظام کے ساتھ ساتھ کھانا اور پینے کا صاف پانی مہیا کرنے کا بھی خصوصی انتظام کو یقینی بنایا جائے۔ احمد رضا طاہرنے کہا کہ دہشت گری کے عفریت کا مقابلہ باہمی اتحاد اور یگانگت سے ہی کیا جا سکتا ہے کیونکہ ملک دشمن عناصر مختلف طبقات کو آپس میں لڑانے کے مذموم ایجنڈے پر کاربند ہیں۔
سی سی پی او نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنے خطبات میں اس امر کو یقینی بنائیں کہ دہشت گردی کے خلاف عوامی رائے عامہ کو بیدار کرتے ہوئے اتحاد، اتفاق، اخوت اور یکجہتی کو پروان چڑھایا جائے۔ سی سی پی او نے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اور لاؤڈ سپیکر آرڈیننس پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور جلوسوں کے راستوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی اِنتظامات کے علاوہ کسی بھی قسم کی تخریب کاری کے قلع قمع کیلئے سرائے، ہوٹلوں میں قیام پذیر افراد، مہمانوں اور بس و ویگن سٹینڈوں کی بھی خصوصی پڑتال کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 117727
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش