0
Sunday 27 Nov 2011 22:49

عوام ظالمانہ انتخابی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، جو گونگی بہری پارلیمنٹ کو جنم دیتا ہے، ڈاکٹر رحیق

عوام ظالمانہ انتخابی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں، جو گونگی بہری پارلیمنٹ کو جنم دیتا ہے، ڈاکٹر رحیق
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین پاکستانی عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری نے گزشتہ دنوں موجودہ استحصالی اور عوام دشمن انتخابی نظام اور فرسودہ نظام سیاست کے خلاف تحریک چلانے اور اسکا پہلا جلسہ لیاقت باغ میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سلسلہ میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں ناظم اعلیٰ تحریک منہاج القران ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے ایک پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر سینیئر نائب ناظم اعلیٰ شیخ زاہد فیاض، مرکزی ناظم تنظیمات ساجد محمود بھٹی اور امیر تحریک پنجاب احمد نواز انجم بھی انکے ساتھ تھے۔ ڈاکٹر رحیق عباسی نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کی جڑ اس کا موجودہ انتخابی نظام ہے۔ یہ نظام نا اہل سیاست دانوں کا اور سیاست دان اس کے محافظ ہیں۔ عوام موجودہ ظالمانہ انتخابی نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔ جو گونگی بہری پارلیمینٹ کو جنم دیتا ہے۔ موجودہ انتخابی نظام میں ادارے مفلوج اور عوام ہمیشہ بے حال ہی رہیں گے۔ کیونکہ جب سیاست اور انتخاب کاروبار بن جائے تو عوامی فلاح کی امید ایک خواب ہی ہو گی۔ اس لیے عوام اپنے سیاسی شعور کی آنکھ کھولیں ڈاکٹر طاہر القادری کی قیادت میں اس کے خلاف بغاوت کر دیں ورنہ آئندہ پانچ سالوں کے لیے ایک بات پھر 97 فیصد عوام کا مقدر 3 فیصد کرپٹ اور نا اہل سیاسی خاندانوں کے حوالے ہو جائے گا۔ 
اس موقع پر انہوں نے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ انتخابی کلچر کے خلاف عوامی رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے تحریک منہاج القرآن اور پاکستان عوامی تحریک ملک کے تمام بڑے بڑے شہروں میں بیداری شعور کے عنوان سے بڑے بڑے عوامی جلسے منعقد کرے گی۔ اس سلسلہ میں پہلا بڑا جلسہ 18دسمبر کو لیاقت باغ راولپنڈی میں منعقد ہو گا۔ جس میں لاکھوں افراد کی شرکت موجودہ سیاسی نظام کے خلاف عوامی نفرت کو ثابت کر دے گی۔ لیاقت باغ کا جلسہ پاکستان کے مستقبل پر گہرے اور دور رس اثرات مرتب کرے گا اور موجودہ حکمرانوں کے خلاف ریفرینڈم ثابت ہو گا۔ 
انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نام نہاد موجودہ حکمران ملکی خودمختاری گروی رکھ چکے ہیں، سرحدوں کی خلاف ورزی اور فوجی و سویلین جانوں کے زیاں پر اچھل کود محض ٹوپی ڈرامہ ہے، دکھلاوے کے اقدامات کرنے کے بجائے اس حساس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔ ملک نازک صورت حال سے گزر رہا ہے۔ موجودہ انتخابی نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائے بغیر بہتری کی کوئی امید نہیں۔ محب وطن اور تبدیلی کی خواہش کرنے والی قوتوں کو مل جل کر جدوجہد کرنا چا ہیئے۔ تاکہ حقیقی تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو اور پاکستان کے عوام کے مسائل صحیح معنوں میں حل ہو سکیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کی قیادت میں تحریک منہاج القرآن کی بیداری شعور تحریک بالآخر عوام کو اذیت ناک صورتحال سے نکال کر خوشحال مستقبل دے گی  مگر شرط یہ ہے کہ عوام اور میڈیا اس تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے انفرادی و اجتماعی سطح پر اپنا کردار ادا کریں۔ 
خبر کا کوڈ : 117762
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش