QR CodeQR Code

مسلمان اقوام بیدار ہو چکی ہیں اور امریکی پٹھو یکے بعد دیگرے سرنگون ہو کر رہیں گے، آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای

27 Nov 2011 22:21

اسلام ٹائمز: قائد انقلاب اسلامی ایران نے خطے میں رونما ہونے والی اسلامی تحریکوں کو مستقل اور ترقی کی جانب گامزن قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ اقوام کی بیداری امریکی پٹھووں کی سرنگونی کا باعث بنے گی۔


اسلام ٹائمز- فارس نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے آج صبح بسیج فورس کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں رونما ہونے والی اسلامی تحریکیں ہمیشہ باقی رہیں گی اور ترقی کی جانب گامزن ہوں گی، اقوام کی مسلسل بیداری سے استکبار کے پٹھو یکے بعد دیگرے سرنگون ہو کر رہیں گے اور اسلام کی طاقت اور شان و شوکت میں روز بروز اضافہ ہوتا چلا جائے گا۔
قائد انقلاب اسلامی ایران نے مغربی پروپیگنڈہ مشینری کی جانب سے ایران پر خطے میں رونما ہونے والی تحریکوں کی پشت پردہ حمایت کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو ایسے اقدامات کی ضرورت نہیں کیونکہ اسلامی نظام کی بقاء، استقامت اور سچائی بذات خود دنیا کی اقوام کی رہنمائی اور الہام بخشی کیلئے کافی ہے۔ انہوں نے مغربی طاقتوں کی جانب سے خطے میں رونما ہونے والے انقلابات کو کچلنے یا منحرف کرنے کی کوششوں کو ناکام قرار دیا اور کہا کہ اسلامی بیداری کی لہر جو فی الحال عرب ممالک میں رونما ہوئی ہے نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور امریکہ اور یورپ میں دیکھی جانے والی تحریکیں بھی ان عظیم سیاسی تبدیلیوں کی علامت ہیں جنہیں دنیا آنے والے دنوں میں مشاہدہ کرے گی۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ملکی سربراہوں اور اقوام کو ڈرانے دھمکانے اور مرعوب کرنے کو عالمی استکباری اور جاہ طلب قوتوں کا پرانا ہتھکنڈہ قرار دیتے ہوئے تاکید کی کہ ایران نے مستکبر قوتوں کے رعب اور وحشت کا پردہ چاک کر کے دنیا کی اقوام کو یہ پیغام دیا ہے کہ عالمی طاقتوں کا رعب اور دبدبہ صرف ظاہری اور کھوکھلا ہے جسے توڑا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مغربی طاقتیں اسلامی جمہوریہ ایران پر شدید غصے کا شکار ہیں۔
ولی امر مسلمین جہان حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے خطے میں رونما ہونے والی اسلامی بیداری کی تحریکوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جو افراد ایران کے اسلامی انقلاب سے اچھی طرح واقف تھے گذشت تیس سال سے ایسی بابرکت تحریکوں کے جنم لینے کا انتظار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی استکباری قوتیں بھی گذشتہ تیس سالوں سے ایران کے اسلامی انقلاب سے متاثر ہو کر اسلامی بیداری کی تحریکوں کے جنم لینے سے شدید خوفزدہ تھے۔ انہوں نے تاکید کی کہ آج اسلامی جمہوریہ ایران عالمی اقوام کی بیداری کا حقیقی مرکز بن چکا ہے اور اسی واقعیت نے دشمن کو شدید غضبناک کر رکھا ہے۔


خبر کا کوڈ: 117797

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/117797/مسلمان-اقوام-بیدار-ہو-چکی-ہیں-اور-امریکی-پٹھو-یکے-بعد-دیگرے-سرنگون-کر-رہیں-گے-آیت-اللہ-العظمی-سید-علی-خامنہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org