QR CodeQR Code

حکومت نیٹو کو فوری تین طلاقیں دیکر قومی غیرت کا ثبوت دے، مولانا امجد خان

28 Nov 2011 15:01

اسلام ٹائمز: لاہور میں جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے جماعتی عہدے داروں سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ امریکی جنگ سے نکلنے کا دوٹوک اعلان کر دیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام ف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ نیٹو نے کھلی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اب انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں اور 
یو این او کو سرحدوں کی خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی پامالی نظر کیوں نہیں آ رہی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پارلیمنٹ کے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے متفقہ قراردادوں کے مطابق فوری اعلانات کیے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی غیرت کے مطابق اب دوٹوک پالیسی کا اعلان کیا جائے۔ نیٹو سپلائی بند کرنے اور اتحادیوں کی صفوں سے نکلنے کے متعلق پارلیمنٹ کے فیصلے پر عمل در آمد کر لیا جاتا تو دشمن کو جوانوں کا خون بہانے کی جرات نہ ہوتی۔ حکومت نیٹو کو تین طلاقیں دے کر قومی غیرت کا ثبوت دے۔
مولانا امجد خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعظم رابطے ضرور کریں، لیکن ان زعماء کی سفارشات پر عمل درآمد کریں اور قوم کے سامنے متفقہ قرار دادوں کے مطابق پالیسیوں کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی جوانوں پر حملے نے ثابت کر دیا ہے کہ حکومت خارجی محاذ پر بھی بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے متحد اور متفق ہے۔


خبر کا کوڈ: 117861

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/117861/حکومت-نیٹو-کو-فوری-تین-طلاقیں-دیکر-قومی-غیرت-کا-ثبوت-دے-مولانا-امجد-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org