QR CodeQR Code

عدم تعاون سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، پاکستان اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے، ہلیری کلنٹن

30 Nov 2011 13:18

اسلام ٹائمز:جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں میڈیا سے گفتگو میں امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ نیٹو حملے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر افسوس ہے، یہ ایک سنگین واقعہ ہے اور ہم تحقیقات کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے پاکستان کی طرف سے نیٹو حملے پر احتجاجاً افغانستان پر ہونے والی بون کانفرنس کے بائیکاٹ پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا کہ پاکستان کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔ جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں ایک کانفرنس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ نیٹو حملے میں پاکستانی فوجیوں کی شہادت پر افسوس ہے۔ یہ ایک سنگین واقعہ ہے اور ہم تحقیقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرح پاکستان بھی محفوظ، مستحکم اور جمہوری افغانستان دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا ہم نے مہمند سانحہ سے سبق سیکھا ہے کیونکہ ہم نے مل کر کام کرنا ہے۔ ہلیری کلنٹن کا کہنا تھا کہ عدم تعاون سے پاکستان اور امریکا دونوں کو کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ انہوں ‌نے کہا کہ امید ہے پاکستان بون کانفرنس میں ‌شرکت کے لیے کوئی راستہ نکال لے گا۔ 
دیگر ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے کہا ہے کہ پاکستان کی بون کانفرنس میں عدم شرکت قابل افسوس ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہلیری کلنٹن نے نیٹو حملے میں پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت کو افسوسناک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بون کانفرنس میں عدم شرکت قابل افسوس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بون کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔


خبر کا کوڈ: 118619

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/118619/عدم-تعاون-سے-کچھ-حاصل-نہیں-ہو-گا-پاکستان-اپنے-فیصلے-پر-نظرثانی-کرے-ہلیری-کلنٹن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org