0
Wednesday 30 Nov 2011 17:05

مہمند ایجنسی میں نیٹو حملے کیخلاف پنجاب بھر کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری

مہمند ایجنسی میں نیٹو حملے کیخلاف پنجاب بھر کے مختلف شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری
اسلام ٹائمز۔ مہمندایجنسی میں نیٹو فورسز کی جانب سے پاکستانی فوج کی چیک پوسٹوں پر بمباری اور 24 فوجیوں کی شہادت کے خلاف مختلف دینی و سیاسی جماعتوں، تاجر تنظیموں، وکلاء اور طلباء کی طرف سے پنجاب بھر کے مختلف شہروں و علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ بدھ کے دن بھی جاری رہا، لاہور سمیت متعدد شہروں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں، پاک فوج کی شہادتوں پر بپھرے ہوئے عوام کا غصہ دن بدن مزید بڑھنے لگا۔ جماعۃالدعوۃ اور جماعت اسلامی نے جمعہ کو ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی کال دے دی، طلباء، وکلاء اور تاجر حضرات بھی اظہار یکجہتی کریں گے مختلف شہروں میں مظاہروں کے دوران اوبامہ کے پتلے اور امریکی جھنڈے جلائے گئے اور شدید نعرے بازی کی گئی۔
مسلم لیگ(ق) کی طرف سے پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مسلم لیگ ہاؤس سے لاہور پریس کلب تک ریلی نکالی گئی جس میں لیگی کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور نیٹو فورسز کے حملہ کی شدید مذمت کی گئی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز، کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نیٹو کے پاک فوج پر حملہ سے متعلق مذمتی تحریریں درج تھیں، مسلم لیگ(ق) کے پارلیمانی لیڈر چودھری ظہیر الدین و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج پر حملہ پاکستان کے استحکام پر حملہ ہے، پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں لیکن اس کے باوجود اس پر حملے کر کے اشتعال انگیزی پھیلائی جا رہی ہے۔
جماعۃالدعوۃ پاکستان کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید کی زیر امارت جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی ذمہ داران کا ایک اجلاس ہوا جس میں جمعہ کو پورے ملک میں نیٹو فورسز کی جارحیت کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے اور مرکزی و صوبائی ذمہ داران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ قریہ قریہ شہر شہر جا کر مسلمانوں کو امریکہ اور نیٹو فورسز کی کھلی دہشت گردی اور بربریت کے خلاف متحد و بیدار کیا جائے۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہا کہ پاکستانی فوج کو مہمند ایجنسی میں جان بوجھ کر منظم منصوبہ بندی کے تحت نشانہ بنایا گیا ہے، افغانستان میں شکست کا غصہ پاکستان میں نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ کسی قسم کی مصلحت پسندی کا شکار نہ ہوں بلکہ ملکی سلامتی و خودمختاری کے دفاع کیلئے جرأتمندانہ فیصلے کئے جائیں پوری قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کے مقابلہ کیلئے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ میدان میں اترنے کو تیار ہے۔ 
فیصل آباد، سیالکوٹ، جہلم، ملتان، کراچی ودیگر شہروں میں بھی دفاع پاکستان کونسل اور جماعۃالدعوۃ کی طرف سے جلسوں، کانفرنسوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا اور پاکستانی فوج کے شہید نوجوانوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔ دفاع پاکستان کونسل کے زیراہتمام 18 دسمبر کو مینارپاکستان گراؤنڈ میں ایک بڑے جلسہ عام کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر کی مذہبی و سیاسی قیادت، کشمیری رہنما، عسکری ماہرین اور دیگر اہم شخصیات خطاب کریں گی۔ نیٹو فورسز کے حملوں کے خلاف جمعیت اہلحدیث، تحریک آزادی جموں کشمیر، المحمدیہ سٹوڈنٹس اور دیگر مذہبی جماعتوں، طلباء اور تاجر تنظیموں کی جانب سے بھی شدید احتجاج کیا گیا دریں اثناء ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن، آل انجمن تاجران پاکستان، لاہور پریس کلب اور پنجاب یونین آف جرنلسٹس کی طرف سے جمعرات کو ایوان عدل سے چیئرنگ کراس تک استحکام پاکستان ریلی نکالی جائے گی ریلی کا پی یو جے کے دفتر پہنچنے پر بھرپور استقبال کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 118700
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش