0
Thursday 1 Dec 2011 14:50

حکومت امریکہ سے ہر قسم کے تعلقات ختم کرے، اسلامی جمعیت طلبہ

حکومت امریکہ سے ہر قسم کے تعلقات ختم کرے، اسلامی جمعیت طلبہ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کی سرحدی چوکی پر نیٹو افواج کے وحشیانہ حملے کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں جامعات و کالجز کے طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مردہ باد امریکہ، پاک فوج کے شہداء کو سلام، پاک فوج زندہ باد کے نعرے درج تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلبہ زون جنوبی کے ناظم حافظ بلال نے کہا کہ پاکستان کی سرحدی چوکی پر حملہ امریکی افواج کی کھلی دہشت گردی ہے اور ستم اس پر یہ کہ امریکہ نے ابھی تک پاکستان سے معافی تک نہیں مانگی۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو امریکہ کی غلامی کسی صورت قبول نہیں اور پاکستان کی غیور طلبہ امریکی جارحیت کو ہرگز برداشت نہیں کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ آج امریکی پالیسیوں پر عمل کرنے کی وجہ سے پاکستان معاشی، سیاسی طور پر کمزور ہے اور یہاں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے مہنگائی عروج پر ہے جس کی وجہ سے عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہی ہے اور ادھر ہمارے حکمران عوام کی بجائے امریکہ سے نام نہاد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرا رہے ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی طلباء غیور اور محب وطن ہیں اور پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کے لئے فوج کے شانہ بشانہ ہے اور اگر کسی نے بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پاکستان کی بقاء و سلامتی کیلئے طلبہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے ہر دم تیار ہیں۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکی پرچم بھی نذر آتش کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حکومت امریکہ سے ہر قسم کے تعلقات ختم کرے اور امریکی فوج کو پاکستان سے نکال باہر کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 118957
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش