0
Saturday 3 Dec 2011 21:00

امام حسین ع کی ذات اقدس ہر حوالے سے ہمارے لئے باعث رہبری ہے، علامہ ساجد نقوی

امام حسین ع کی ذات اقدس ہر حوالے سے ہمارے لئے باعث رہبری ہے، علامہ ساجد نقوی

اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ امام حسین ع کی ذات اقدس ہر حوالے، ہر زاویے اور ہر پہلو سے ہمارے لئے باعث رہبری و رہنمائی ہے۔ آغوش رسالت میں آنکھ کھولنے والا حسین ع کس طرح رسول اکرم ص کی نیابت کا حق دار نہیں ہو سکتا؟ امیر المومنین ع کے سایہ عاطفت میں تربیت پانے والا حسین ع کیسے امت کو اور دین کو فسق و فجور کے طوفان میں تنہا چھوڑ سکتا ہے؟ سیدہ خاتون جنت کی پاکیزہ گود میں پرورش پانے والا حسین ع کیسے دین خدا اور شریعت محمدی ص پر ملوکیت کے سائے برداشت کر سکتا ہے؟ امام حسن ع جیسے کریم و شفیق اور امن کی علامت شخصیت کا بھائی حسین ع بھلا کیسے امت میں فتنہ و فساد برپا ہونے پر خاموش رہ سکتا ہے؟
مختلف بانیان مجالس،خطباء ذاکرین اور عزاداروں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ امام حسین ع نے اپنے خطبات میں امت مسلمہ اور انسانیت کے ہر طبقے کے حقوق کی بات کی ہے بالخصوص محروم،مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کے خلاف ہونے والی سازشوں کو بے نقاب کیا اور انہیں ان کے حقوق کی طرف متوجہ کیا اس کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر حکمرانوں کی طرف سے ہونے والی بے قاعدگیوں اور خطرناک منصوبوں کا پردہ بھی چاک کیا۔ امام نے اپنے ساتھ موجود اہل بیت ع، اصحاب و انصار اور رفقاء کا قافلہ جس انداز سے تشکیل دیا۔ اس سے ہمیں واضح رہنمائی ملتی ہے کہ ان کے مقاصد بہت وسیع تر اور اجتماعی نوعیت کے حامل تھے تاکہ قیامت تک تمام زمانوں اور ادوار کے لوگ اس تحریک اور جدوجہد سے مکمل استفادہ کر سکیں اور کوئی پہلو تشنہ نہ رہے
علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ اگر آج کوئی حریت پسند یا امن پسند، دینی فکر کا حامل ہو یا سیاسی طرز کا پیرو، ذاتی حقوق کی جدوجہد میں مصروف ہو یا اجتماعی اور انسانی حقوق کے تحفظ کا علمبردار، فکری ارتقاء کا متمنی ہو یا اجتماعی نظریے کو فروغ دینے کا حامی، بچوں کے عالمی حقوق کا محافظ ہو یا خواتین کی عزت و ناموس کا پاسبان، جذبہ شہادت سے سرشار سپاہی ہو یا دشمن کا میدان جنگ میں دلیرانہ مقابلہ کرنے کا خواہش مند، جوانی کی دہلیز پر قدم رکھنے والا نوجوان ہو یا پیری کی آخری حدوں تک پہنچنے والا ضعیف، معاشرے کی اصلاح اور برائیوں کے خاتمے کے لئے جہاد کرنے والے افراد ہو یا اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کے لئے کمر بستہ جماعتیں، غرض یہ کہ دنیائے انسانیت میں بسنے والے سارے انسان اور سارے طبقات امام حسین ع اور ان کے ساتھیوں کی سیرت، عمل، کردار اور جدوجہد سے رہنمائی لے سکتے ہیں اور دنیوی و اخروی نجات حاصل کر سکتے ہیں۔
 

خبر کا کوڈ : 119108
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش