0
Friday 2 Dec 2011 18:57

حکومت امریکی اتحاد سے الگ اور نیٹو سپلائی ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا اعلان کرے،سنی اتحاد کونسل

حکومت امریکی اتحاد سے الگ اور نیٹو سپلائی ہمیشہ کیلئے بند کرنے کا اعلان کرے،سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام نیٹو حملوں کے خلاف ملک گیر ’’یوم سیاہ‘‘ منایا گیا اور جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں امریکہ اور اسکے اتحادیوں کے خلاف احتجاجی قراردادیں منظور کی گئیں اور خطبات جمعہ میں امریکہ اور نیٹو کے خلاف تقریریں کی گئیں۔ یوم سیاہ کے سلسلہ میں لاہور، کراچی، حیدر آباد، گوجرانوالہ، فیصل آباد، کوئٹہ، میرپور، میانوالی، جھنگ، سمندری سمیت ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور پاکستانی پرچم ہاتھوں میں تھام کر پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں جبکہ نیٹو حملے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کے لیے قرآن خوانی کی محافل کا اہتمام بھی کیا گیا۔ یوم سیاہ کے موقع پر سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر دہشت گردی کر رہا ہے اور امریکہ کی کھلی دہشت گردی نے دنیا کو تیسری عالمی جنگ کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ حکومت امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف سفارتی مہم چلائے۔ انہوں نے کہا کہ قوم 24 فوجی جوانوں کا لہو بے حسی کے قبرستان میں دفن نہیں ہونے دے گی۔
صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ مہمند ایجنسی کے شہداء پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ یوم سیاہ کے موقع پر سنی اتحاد کونسل کے وائس چیئرمین پیر محمد افضل قادری نے گجرات میں احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری نیٹو کی طرف سے پاکستان کی سرحدی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امریکی اتحاد سے الگ ہونے کا اعلان کرے اور نیٹو سپلائی کو ہمیشہ کے لیے بند کر دیا جائے۔ یوم سیاہ کے موقع پر کراچی میں سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں کو امریکی ایجنٹوں سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی و عسکری قیادت نے جو تازہ فیصلے کئے ہیں ان پر ثابت قدمی سے قائم رہنے کے نتیجے میں امریکہ کی عقل ٹھکانے آ جائے گی۔
یوم سیاہ کے موقع پر ملتان میں صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی، کراچی میں طارق محبوب، علامہ کوکب نورانی، گوجرانوالہ میں صاحبزادہ داؤد رضوی، زاہد حبیب قادری، مولانا محمد اکبر نقشبندی، فیصل آباد میں علامہ باغ علی رضوی، سمندری میں مفتی محمد سعید رضوی، میاں فہیم اختر، میانوالی میں صاحبزادہ عبدالمالک، منڈی بہاؤ الدین میں پیر سید محفوظ مشہدی، ڈھڈیال آزاد کشمیر میں مولانا نواز بشیر جلالی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، حافظ آباد میں صاحبزادہ وسیم الحسن نقوی، ڈسکہ میں علامہ قاری خالد محمود اور لاہور میں پیر محمد اطہر القادری، مولانا محمد علی نقشبندی، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، محمد نواز کھرل نے احتجاجی مظاہروں کی قیادت کی۔ مظاہروں کے دوران حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ امریکہ کے ساتھ اتحاد ختم کیا جائے اور آل پارٹیز کانفرنس بلا کر دفاع وطن کے لیے مشترکہ قومی لائحہ عمل تیار کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 119187
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش