0
Saturday 3 Dec 2011 03:20

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پاکستانی چوکیوں پر نیٹو حملے کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج

جماعت اسلامی کے زیر اہتمام پاکستانی چوکیوں پر نیٹو حملے کے خلاف ملک گیر یوم احتجاج

اسلام ٹائمز: امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کی اپیل پر ملک بھر میں نیٹو جارحیت کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا۔ نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ خطبات جمعہ میں علمائے کرام نے امریکی جارحیت کی شدید مذمت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ نیٹو سپلائی پر پابندی برقرار رکھی جائے اور حکومت امریکہ کی جنگ سے نکلنے کا اعلان کرے۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کراچی، کوئٹہ، ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودہا، شیخوپورہ اور دیگر ضلعی و تحصیلی صدر مقامات پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ہونے والے مظاہروں سے جماعت اسلامی کی مقامی قیادت نے خطاب کیا اور نیٹو کی جارحیت کی مذمت کی۔
جماعت اسلامی راولپنڈی کے زیر اہتمام پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی قیادت جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ اور امیر ضلع راولپنڈی سجاد عباسی نے کی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو فوج کا پاکستانی فوجیوں پر یہ چودھواں حملہ ہے۔ حکمران دس سال تک قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکتے رہے۔ ڈرون طیارے شمسی اور شہباز ایئر بیس سے اڑ کر پاکستانی شہریوں اور فوج پر بمباری کرتے رہے۔ حکومت اور فوج کو اپنے موجودہ سٹینڈ پر قائم رہنا چاہیے جن کی چھڑی کے ایک اشارے سے ہوائی اڈے خالی ہو سکتے تھے وہ دس سال تک امریکی اتحادی بنے رہے۔ قوم کو حکمرانوں اور جرنیلوں پر اعتماد نہیں رہا، اسے ڈر ہے کہ حکمران دوبارہ امریکی اتحاد ی نہ بن جائیں۔
اسلام آباد میں پریس کلب کے باہر ہونے والے مظاہرے کی قیادت امیر ضلع اسلام آباد میاں محمد اسلم نے کی۔ کچہری چوک ملتان میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر اور امیر ضلع پروفیسر افتخار نے کی۔ پشاور میں مسجد مہابت خان سے پروفیسر محمد ابراہیم امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔ علاوہ ازیں صوبہ خیبر پختونخوا، صوبہ سندھ اور صوبہ پنجاب و بلوچستان کے اکثر اضلاع میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جن سے جماعت اسلامی کی مقامی قیادت نے خطاب کیا اور نیٹو حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلوں پر مستقل عمل کو یقینی بنائے عوام اس کی پشت پر کھڑے ہیں۔
جماعت اسلامی لاہور نے منصورہ کے باہر ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس کی قیادت جماعت اسلامی پاکستان کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرید احمد پراچہ، امیر جماعت اسلامی لاہور امیر العظیم اور ڈاکٹر ذکر اللہ مجاہد نے کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے مطالبہ کیا کہ امریکہ سے شمسی اور شہباز ایئر بیس سمیت تمام ہوائی اڈے فوری خالی کرائے جائیں اور نیٹو سپلائی کو مستقل بند کیا جائے۔ پاکستانی چوکیوں پر حملے اور 24 فوجی جوانوں کی شہادت کے ذمہ دار نیٹو فوجیوں کو طلب کر کے ان کے خلاف پاکستانی عدالتوں میں مقدمہ چلایا جائے۔ امریکہ سے ہر طرح کا فوجی تعاون ختم کیا جائے۔ بیرون ملک موجود حکمرانوں، بیوروکریٹس، سیاستدانوں اور جرنیلوں کے اکاﺅنٹس اور ان میں موجود پانچ سو ارب ڈالر کا قومی سرمایہ واپس پاکستان لایاجائے۔ امیرالعظیم نے کہا کہ جماعت اسلامی دس سال سے سڑکوں پر ہے اور گو امریکہ گو کی تحریک چلا رہی ہے، جو اب ہر پاکستانی کے دل کی آواز بن چکی ہے۔

خبر کا کوڈ : 119272
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش