QR CodeQR Code

مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر جے یو آئی کے نیٹو مخالف مظاہرے

3 Dec 2011 04:55

اسلام ٹائمز۔ لاہور میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے نیٹو کی جارحیت کو ملکی سلامتی پر حملہ قرار دیتے ہوئے پارلیمینٹ کی متفقہ قراردادوں کے مطابق خارجہ پالیسی تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔


اسلام ٹائمز: جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن کی اپیل پر نیٹو حملوں کے خلاف پورے ملک میں یوم احتجاج منایا گیا اور احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ لاہور میں عبد الکریم روڈ پر احتجاجی مظاہرے کی قیادت جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولانا محمد امجد خان، ملتان روڈ پر مظاہرے کی قیادت مولانا محب النبی، قاری نذیر احمد لٹن روڈ پر قاری ثناءاللہ، قاری امجد سعید اور شاہدرہ میں نکالے گئے مظاہرے کی قیادت حافظ عبد الودودشاہد نے کی۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد امجد خان نے کہا کہ نیٹو نے ملکی سلامتی پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پارلیمینٹ کی متفقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے خارجہ پالیسی کا قبلہ فو ری طور پرتبدیل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو سے علیحدگی اور نیٹو سپلائی مکمل طور پر بند کرنے کا اقدام قومی مطالبہ ہے۔ مولانا امجد خان نے کہا کہ پاکستان کی سرحدوں پر کسی نے میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات کی تو پاکستانی قوم افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور تحفظ کے لیے قوم اور علماء ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ مولانا محب النبی، قاری ثناءاللہ، قاری امجد سعید، قاری نذیر احمد، حافظ عبد الودود اور دیگر نے کہا کہ دشمن کا مقابلہ کر نے کے لیے پوری قوم متحد اور متفق ہے۔
مر کزی میڈیا سیل کے مطابق رحیم یار خان میں مظاہرے کی قیادت مو لا نا رشید احمد لدھیانوی، خانپور میں مو لانا خلیل الرحمن درخواستی، ملتان میں سید خورشید عباس گردیزی، اوکاڑہ میں حاجی احسان الحق، جبکہ راولپنڈی میں ڈاکٹر عتیق الرحمن، مولانا تاج محمد خان، اور محمد اقبال اعوان نے مظاہرے کی قیادت کی۔ اس موقع پر نیٹو کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں نیٹو حملوں کے خلاف قرار دادیں منظور کی گئیں۔


خبر کا کوڈ: 119278

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/119278/مولانا-فضل-الرحمن-کی-اپیل-پر-جے-یو-آئی-کے-نیٹو-مخالف-مظاہرے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org