0
Saturday 3 Dec 2011 06:04

ریاستی ادارے مسلم لیگ ن کے پیچھے سیاست کررہے ہیں، گورنر پنجاب

ریاستی ادارے مسلم لیگ ن کے پیچھے سیاست کررہے ہیں، گورنر پنجاب
اسلام ٹائمز: گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ پارلیمانی کمیٹی کے زیر سماعت ہونے کے باعث میمو گیٹ سکینڈل کی سماعت کا اختیار سپریم کورٹ کو نہیں۔ پارلیمنٹ فیصلے کو کالعدم قرارد ے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے، سپریم کورٹ کو میاں نواز شریف کی درخواست سماعت کے لئے منظور نہیں کرنی چاہیے تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ابھی صدر مملکت کو نوٹس جاری کیا ہے۔ 17 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے روبرو میمو گیٹ سکینڈل پہلے سے زیر سماعت ہونے کے باعث سپریم کورٹ اس کی سماعت نہیں کرسکتی۔ سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کو صرف آئین میں لکھے گئے اختیارات حاصل ہیں، اس سے زیادہ نہیں۔ اس لئے پارلیمنٹ سپریم کورٹ کے کسی فیصلے کو کالعدم بھی قراردے سکتی ہے۔ 
گورنر پنجاب نے کہا کہ میاں نواز شریف کی سوچ ہمیشہ سے غیر جمہوری رہی ہے اور انہوں نے اداروں کے پیچھے چھپ کر سازشوں کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ پیپلز پارٹی کے خلاف تو رٹ پیٹیشنز سنتی ہے، پیپلز پارٹی کے خلا ف آئی جے آئی کی تشکیل میں ایجنسیوں کی طرف سے رقوم کی تقسیم کے خلاف ائیر مارشل اصغر خان کا کیس بھی سپریم کورٹ میں عرصہ دراز سے زیر سماعت ہے۔ اسے کیوں نہیں سنا جاتا۔
ایک سوال کے جواب میں سردار لطیف کھوسہ نے اتفاق کیا کہ ریاستی ادارے مسلم لیگ ن کے پیچھے سیاست کررہے ہیں۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ مجھے ایسا انصاف د ے جو نواز شریف اور شہباز شریف کو دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو عدالتوں سے انصاف نہیں ملا۔ ذوالفقار علی بھٹو کو عدالت کے ذریعے قتل کروایا گیا، جبکہ بینظیر بھٹو کو عدالتوں سے جھوٹے مقدمات میں سزائیں دلوائی گئیں۔ صدر آصف علی زرداری گیارہ سال تک جیل میں جھوٹے الزامات کے تحت مقدمات کا سامنا کرتے رہے۔ کچھ ثابت نہ کیا جاسکا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب سے دو وزرائے اعظم کی لاشیں سندھ کی دھرتی پر گئی ہیں، اب کوئی تیسری لاش یہاں سے نہیں جانے دیں گے۔ گورنر نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی کی تنظیمیں وفاق بچاو تحریک شروع کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے۔ سندھ کارڈ استعمال نہیں کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 119280
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش