0
Saturday 3 Dec 2011 20:31

انتظامیہ عزاداری کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے اجتناب کرے، علامہ ساجد نقوی

انتظامیہ عزاداری کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے سے اجتناب کرے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ نواسہ رسول ص، امام عالی مقام ع نہ صرف عالم اسلام بلکہ عالم انسانیت کے محسن، پیشوا اور امام ہیں، لہذا ان کے غم میں نوحہ و ماتم انسانیت کے تقاضوں کے عین مطابق ہے اور عزاداری کسی مکتب و مسلک کے خلاف نہیں بلکہ مسلکی اختلافات سے بالاتر ہے۔ اس لئے کسی مکتب و مسلک کے عقائد و نظریات اور روایات کی توہین عزاداری سے کھلا انحراف ہے۔ درحقیقت عزاداری سید الشہداء یزید اور یزیدیت کے چہرے کو بے نقاب کرنے اور اسلام اور حسینیت کے روشن چہرے کو پیش کرنے کا نام ہے، اس لئے اسلامیان پاکستان کو پوری عقیدت و احترام سے ان مراسم عزاء کی انجام دہی میں آسانیاں پیدا کی جائیں اور ریاست اور انتظامیہ کسی قسم کی رکاوٹیں کھڑی کرنے سے اجتناب کرے، تاکہ عوام کے مذہبی، قانونی حقوق اور شہری آزادیوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔
سات محرم الحرام کے جلوس ہائے عزاء کے دوران مختلف بانیان مجالس، جلوسوں کے منتظمین اور عزاداروں سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ ساجد نقوی نے کہا کم سن بچوں کی تشنہ لبی نے ایک طرف دین حق کو ہمیشہ کے لئے ابدی حیات عطا کی اور امر کر دیا اور دوسری طرف ظلم و جبر، یزیدیت اور لادینی قوتوں کو ایسی شکست فاش دی کہ وہ دوبارہ سر اٹھانے کے قابل نہیں رہیں بلکہ کربلا میں روا رکھے جانے والے مظالم پر اپنے مکروہ چہروں کو چھپاتی پھرتی ہیں۔ علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ سیدالشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت، اقوال، فرامین اور خصائل سے سبق حاصل کرتے ہوئے ہم اپنی زندگیاں امام عالی مقام ع کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں کیونکہ کربلا ایک مکمل ضابطہ حیات کی صورت ہر دور میں انسانوں کی ہدایت اور رہنمائی کا سامان فراہم کرتا ہے۔ 
سربراہ شیعہ علماء کونسل نے اسلامیان پاکستان سمیت ماتم داروں، نوحہ خوانوں اور عزاداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد کو برقرار رکھیں، سلسلہ عزاء کو جاری رکھتے ہوئے آمدہ ایام میں عزاداری کو انتہائی عقیدت و احترام، احسن طریقے اور بہتر انداز سے محبت و وحدت کی فضا میں منعقد کریں، عزاداری سیدالشہداء ع آزادی سے منانے کے لئے متحد ہو کر بھرپور اور طاقتور آواز بلند کریں اور ایثار و قربانی اور اخوت و یگانگت کا پیغام عام کریں۔ 




خبر کا کوڈ : 119414
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش